واشنگٹن: ذرا تصور کریں، آپ کی نوکری یہ ہو کہ آپ چاند پر جا کر وہاں رہیں، کام کریں، اور انسانوں کا مستقل اڈہ بنانے میں مدد کریں۔
یہ کوئی فلم کی کہانی نہیں۔ ناسا نے واقعی ایسے ہی لوگوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا نے دو سال بعد پہلی بار نئے خلابازوں کی بھرتی کا اعلان کیا ہے۔ یہ نئی کلاس آرٹیمس پروگرام کو آگے بڑھائے گی، جس کا مقصد صرف چاند پر جانا نہیں، بلکہ وہاں مستقل انسانی موجودگی قائم کرنا ہے۔
ناسا کے مطابق یہ نئی نسل کے خلاباز چاند کی سطح پر کام کرنے، زمین سے باہر رہنے اور کام کرنے، اور انسانی کھوج کو پہلے سے کہیں زیادہ آگے لے جانے والے مشنز کی تربیت حاصل کریں گے۔
اعلان کہاں ہوا؟
چاند پر جانے کے خواہشمندوں کی بھرتی کا اعلان امریکا کے کینیڈی اسپیس سینٹر میں ایئر شو کے دوران کیا گیا، جہاں چاند کی کھوج اور ہوابازی و ٹیکنالوجی کی ترقی کو فروغ دیا جا رہا تھا۔
نئے خلابازوں کی ضرورت کیوں؟
وجہ بہت سادہ ہے، اور وہ یہ ہے کہ ناسا کے پاس کام زیادہ ہے اور خلاباز کم۔ اس وقت ناسا کے پاس صرف 32 فعال خلاباز ہیں۔ آخری بار جب دو سال پہلے بھرتی کھلی تھی تو 8000 سے زیادہ لوگوں نے درخواست دی تھی۔ ان میں سے صرف 10 ہی منتخب ہو سکے۔
آرٹیمس تھری کے کمانڈر رینڈی بریسنک نے اے پی کو بتایا کہ ہمارے پاس خلابازوں سے کہیں زیادہ کام ہے۔
اپریل میں آرٹیمس ٹو کے عملے نے چاند کے گرد تاریخی فلائی بائی کی، جس نے چاند کی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
اگر آپ خلاباز بننے کا خواب دیکھتے ہیں تو دیر مت کریں۔ 3 دسمبر تک اپنی درخواست جمع کرائیں، حتمی انتخاب 2027 کے آخر تک متوقع ہے جب کہ تربیت کا آغاز 2028 کے اوائل میں ہوگا۔
سال 2028 ہی میں ناسا نصف صدی سے زیادہ عرصے بعد خلابازوں کو دوبارہ چاند کی سطح پر اتارنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
رینڈی بریسنک نے امیدواروں سے کہا کہ تب تک ہم چاند پر لوگوں کو بھیج چکے ہوں گے، اس لیے دیر مت کریں۔
آگے کیا ہونے والا ہے؟
یہ صرف بھرتی کی خبر نہیں، چاند پر ایک پورا پلان چل رہا ہے۔ آئندہ برس بریسنک اور ان کے تین ساتھی خلا میں جا کر اپنے کیپسول کو دو لینڈرز کے ساتھ جوڑنے کی مشق کریں گے۔ ایک لینڈر ایلون مسک کی اسپیس ایکس کا ہے، دوسرا جیف بیزوس کی بلیو اوریجن کا۔ یہ مشن زمین کے قریب ہی رہے گا، چاند کا چکر نہیں لگائے گا۔
اس کے اگلے سال — آرٹیمس فور
دو خلابازوں کو چاند کے جنوبی قطب کے قریب اتارنے کی کوشش کی جائے گی۔
اس کے بعد مزید روورز، روبوٹس، ڈھانچے اور پاور گرڈز بھیج کر چاند پر مستقل بیس بنایا جائے گا۔
خلاباز بننا آسان نہیں
آرٹیمس تھری کے فرینک روبیو نے خبردار کیا کہ اس راستے میں صبر سب سے ضروری ہے۔ روبیو نے خلا میں مسلسل 371 دن گزار کر امریکی ریکارڈ قائم کیا ہوا ہے۔
شرائط
ناسا نے چاند پر جانے کے خواہشمندوں کو بھرتی کرنے کی شرائط بھی رکھی ہیں۔ جن کے مطابق امیدوار کو امریکی شہری ہونا چاہیے،کالج کی ڈگری اور پیشہ ورانہ کام کا تجربہ ضروری ہے،2 سال کی لازمی سخت تربیت ہوگی۔ اس کے بعد بھی خلا میں جانے کے لیے مزید کئی سال انتظار کرنا پڑ سکتا ہے
فرینک روبیو نے کہاکہ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ آپ کے کام کا زیادہ تر حصہ چاند پر جانا نہیں ہوگا۔ یہ آپ کے تجربے کا تقریباً 1 فیصد ہوگا۔ آپ جو کر رہے ہیں وہ چاند پر جانے کے مشن میں حصہ ڈالنا ہے۔
یہ ناسا کی 25ویں خلاباز کلاس ہوگی، جس کا آغاز 1959 میں اصل مرکری سیون سے ہوا تھا۔یعنی آج سے تقریباً 67 سال پہلے شروع ہونے والا سفر اب چاند پر مستقل اڈہ بنانے تک پہنچ رہا ہے۔


