لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایک ایسے گروہ کا سراغ لگایا ہے جس نے تقریباً 5 ہزار پاکستانیوں کو جعلی طریقے سے عالمی یونیورسٹیوں کے امتحانات پاس کروا کر ڈگریاں دلوائیں، جبکہ جعلی طریقے سے ڈگریاں حاصل کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
لاہور میں این سی سی آئی اے کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ ایجنسی نے بچیوں کو آن لائن بلیک میل کرنے والے ملزمان کے خلاف بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آن لائن جرائم کے زیادہ تر واقعات میں خواتین کو نشانہ بنایا جارہا ہے، بچیوں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ این سی سی آئی اے نے ایک بڑے گینگ کا سراغ لگایا ہے جو پاکستانی شہریوں کو عالمی سطح پر جعلی ڈگریاں دلوانے میں ملوث تھا۔ اس گروہ کے ذریعے تقریباً 5 ہزار پاکستانیوں کو جعلی طریقے سے بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے امتحانات پاس کروائے گئے۔ جعلی ڈگریاں حاصل کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔
نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کی تجویز
پریس کانفرنس کے دوران نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں نئے صوبے بننے چاہئیں اور اس معاملے پر ریفرنڈم کرایا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام ریفرنڈم میں نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ دیتے ہیں تو نئے صوبے بننے چاہئیں۔ سروے بھی سامنے آرہے ہیں جن کے مطابق اکثریت نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اعتراض کرنے والی سیاسی جماعتوں کے پاس اس معاملے پر کوئی متبادل رائے ہے تو وہ اسے سامنے لائیں، پارلیمنٹ میں بھی کہا جاتا ہے کہ عوام سپریم ہیں، لہٰذا عوام کی رائے کو اہمیت دینی چاہیے۔
بلاول بھٹو سے انتظامی ری سیٹ پر اتفاق
وفاقی وزیر داخلہ نے بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی نظام میں ری سیٹ سے متعلق بیان پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو سیاسی ری سیٹ کی بات کررہے ہیں جبکہ وہ انتظامی ری سیٹ کی بات کررہے ہیں۔
ان کے مطابق دونوں کی رائے تقریباً ایک جیسی ہے اور وہ اس معاملے پر ایک پیج پر ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کو قانونی ریلیف ملے گا
بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ عدالتوں سے انہیں جو ریلیف قانونی طور پر مل سکتا ہے، وہ ضرور ملے گا۔ ہر سیاسی جماعت کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق حاصل ہے اور بانی پی ٹی آئی کے قانونی حقوق کا بھی تحفظ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے اس حوالے سے مختلف باتیں سن رہے ہیں، تاہم ان کے مطابق صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور مجموعی نظام کی اصلاح کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔


