بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں فورسز کی کارروائیاں: 74 خوارج ہلاک

راولپنڈی: بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 74 خوارج ہلاک کردیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ اور بھاری مقدار میں اسلحہ و دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کرم میں 3 نومبر سے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جامع کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 خوارج ہلاک ہوئے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ میر علی اور اورکزئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات پر شدید فائرنگ کے تبادلے میں میر علی میں 35 جبکہ اورکزئی میں 8 خوارج ہلاک کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکے۔