ایک میز پر 3 عالمی طاقتیں: ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوتن کی چین میں تاریخی ملاقات

واشنگٹن / بیجنگ :عالمی سیاست میں ایک غیر معمولی سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوتن آئندہ ہفتے چین کے شہر شین ژین میں ایک تاریخی سہ فریقی ملاقات کریں گے۔

اے ایف پی، رائٹرز کے مطابق امریکا ، چین اور روس کے سربراہان کی اپنی نوعیت کی پہلی سہ فریقی سربراہی ملاقات ہوگی، جس میں عالمی سلامتی، جوہری ہتھیاروں میں کمی اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال سمیت اہم بین الاقوامی معاملات زیرِ بحث آنے کی توقع ہے۔

ملاقات 19 نومبر کو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) اجلاس کے موقع پر متوقع ہے۔

یہ محض تین رہنماؤں کی ملاقات نہیں بلکہ ایسے وقت میں عالمی طاقتوں کے درمیان براہِ راست رابطے کی کوشش ہے جب دنیا جوہری خطرات، جنگوں اور معاشی و ٹیکنالوجی کی مسابقت سے گزر رہی ہے۔

پہلی بار 3 سپر پاورز ایک میز پر

امریکا، چین اور روس دنیا کی تین بڑی فوجی اور اسٹریٹجک طاقتیں ہیں۔ان تینوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تعاون کے ساتھ شدید اختلافات بھی موجود ہیں۔

امریکا اور چین کے درمیان تجارت، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور تائیوان کے معاملے پر کشیدگی پائی جاتی ہے، جبکہ واشنگٹن اور ماسکو کے تعلقات یوکرین جنگ کے باعث انتہائی پیچیدہ ہو چکے ہیں۔

ایسے ماحول میں ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوتن کا ایک ہی میز پر بیٹھنا عالمی سفارت کاری کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز کے مطابق ٹرمپ اس ملاقات میں دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کی تعداد کم کرنے کا معاملہ اٹھائیں گے۔

ان کے مطابق امریکی صدر جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو انتہائی خطرناک سمجھتے ہیں۔

جوہری ہتھیاروں پر بڑا فیصلہ؟

اس ملاقات کا سب سے اہم موضوع جوہری ہتھیاروں میں کمی اور اسلحے پر کنٹرول ہو سکتا ہے۔

امریکا اور روس دنیا کے سب سے بڑے جوہری ہتھیاروں کے ذخائر رکھتے ہیں، جبکہ چین بھی اپنے جوہری پروگرام کو وسعت دے رہا ہے۔

اس معاملے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی تعداد محدود رکھنے والا نیو اسٹارٹ معاہدہ فروری 2026 میں ختم ہو چکا ہے۔

اس معاہدے کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے جوہری ہتھیاروں پر عائد آخری بڑے دوطرفہ معاہداتی پابندیوں کا نظام ختم ہوگیا ہے۔

ٹرمپ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں کسی نئے جوہری معاہدے میں چین کو بھی شامل کیا جائے۔

لیکن بیجنگ کا مؤقف مختلف رہا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ اس کے جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ امریکا اور روس کے مقابلے میں بہت کم ہے، اس لیے اسے دونوں ممالک کے برابر شرائط پر مذاکرات میں شامل کرنا مناسب نہیں۔

امریکی حکام نے بھی اعتراف کیا ہے کہ اس ملاقات میں کسی باقاعدہ معاہدے کی توقع نہیں۔ ان کے مطابق یہ مستقبل میں مذاکرات کے لیے ایک ابتدائی قدم ہو سکتا ہے۔

ایران جنگ بھی ایجنڈے میں شامل

ملاقات کا ایک اور اہم موضوع ایران کے خلاف جاری امریکی اور اسرائیلی جنگ ہوگا۔امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ اس معاملے پر شی جن پنگ اور پیوتن سے بات کریں گے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ ایران کے ساتھ چین اور روس کے مختلف سیاسی، اقتصادی اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔

چین مشرق وسطیٰ میں توانائی اور تجارت کے مفادات رکھتا ہے، جبکہ روس بھی خطے میں اپنا سفارتی اور سیاسی اثرورسوخ برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

ایسے میں ایران کے معاملے پر تینوں رہنماؤں کی گفتگو عالمی سیاست کے لیے اہم ہو سکتی ہے۔

تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اس ملاقات سے ایران جنگ کے خاتمے یا کسی جنگ بندی کی راہ ہموار ہوگی یا نہیں۔

یوکرین کا معاملہ کیوں خارج؟

اس تاریخی ملاقات کا ایک حیران کن پہلو یہ ہے کہ روس کی یوکرین کے خلاف جاری جنگ کو سہ فریقی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل کیے جانے کی توقع نہیں۔

امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن اس معاملے پر کیف اور ماسکو کے ساتھ الگ سفارتی رابطے رکھتا ہے، اس لیے چین کو اس مذاکراتی عمل کا حصہ بنانا مناسب نہیں سمجھا جا رہا۔

تاہم روسی صدر پیوتن نے شین ژین میں ٹرمپ سے یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں پر بات کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کو خدشہ ہے کہ اگر یوکرین کی غیر موجودگی میں اس کے مستقبل سے متعلق فیصلوں پر بات ہوئی تو یہ اس کے قومی مفادات کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

ان کا مؤقف ہے کہ یوکرین کے مستقبل سے متعلق کسی بھی فیصلے میں یوکرین کی شرکت ضروری ہے۔

ایک نیا یالٹا معاہدہ؟

اس ملاقات کا موازنہ 1945 کی تاریخی یالٹا کانفرنس سے بھی کیا جا رہا ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے آخری مرحلے میں امریکا کے صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانیہ کے وزیراعظم ونسٹن چرچل اور سوویت رہنما جوزف اسٹالن نے یالٹا میں ملاقات کی تھی۔

اس اجلاس میں جنگ کے بعد یورپ کے سیاسی مستقبل اور عالمی نظام کے اہم معاملات طے کیے گئے تھے۔

اب بعض تجزیہ کاروں کو خدشہ ہے کہ شین ژین میں ہونے والی ملاقات بھی بڑی طاقتوں کے درمیان عالمی اثرورسوخ اور علاقائی مفادات کی نئی تقسیم کی بحث کو جنم دے سکتی ہے۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے بھی اس نوعیت کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔

تاہم دونوں اجلاسوں کے تاریخی حالات مختلف ہیں اور ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ شین ژین میں کوئی ایسا معاہدہ طے پائے گا۔

ٹرمپ کی چین روانگی

وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ 16 نومبر کو واشنگٹن سے ایشیا کے دورے پر روانہ ہوں گے۔

وہ پہلے فلپائن جائیں گے جہاں آسیان اجلاس میں شرکت متوقع ہے، اس کے بعد چین کے شہر شین ژین پہنچیں گے۔

ٹرمپ کی شی جن پنگ سے الگ دوطرفہ ملاقات اور ورکنگ لنچ بھی متوقع ہے۔

دوسری طرف ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک بھی ٹرمپ کے دورہ چین میں ان کے ہمراہ ہوں گے، تاہم امریکی حکام کے مطابق وہ تینوں سربراہان کی سہ فریقی ملاقات میں شریک نہیں ہوں گے۔

این ویڈیا اسکینڈل بھی زیرِ بحث آئے گا؟

حالیہ دنوں میں امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ سے متعلق تنازع نے بھی امریکا اور چین کے تعلقات میں نئی حساسیت پیدا کی ہے۔

تاہم امریکی حکام کے مطابق اس معاملے کو ٹرمپ کی ملاقاتوں کے ایجنڈے میں شامل کیے جانے کی توقع نہیں۔

اسی طرح جدید چِپس کی چین کو برآمدات پر امریکی پابندیاں بھی اس ملاقات میں زیرِ بحث آنے کا امکان نہیں بتایا گیا۔