رملہ: فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے فلسطینی خاندانوں کے لیے اسرائیل میں سیاسی تبدیلی بھی امید کی کرن نہیں بن سکی۔ وزیرِاعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کے خاتمے کا امکان سامنے آنے کے باوجود متاثرہ خاندانوں کو خدشہ ہے کہ نئی حکومت بھی فلسطینیوں کے حوالے سے وہی پالیسیاں جاری رکھے گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق طولکرم پناہ گزین کیمپ سے بے دخل کیے گئے 64 سالہ فلسطینی عادل درسیہ کو ایک عرصے تک اپنے گھر واپسی کی امید تھی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ امید کمزور پڑ رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کوئی بھی ہو، فلسطینیوں کے حالات میں کیا فرق پڑے گا؟ ان کے بقول دونوں حکومتیں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔
طولکرم کیمپ سے ہزاروں افراد بے گھر
مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں اسرائیلی فوج نے 2025 کے آغاز میں بڑے پیمانے پر کارروائی کی تھی۔ اسرائیلی حکام نے اس آپریشن کا مقصد مسلح عناصر کے خلاف کارروائی قرار دیا، تاہم اس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں فلسطینی خاندان اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہوئے۔
اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق اس کارروائی کے دوران طولکرم پناہ گزین کیمپ سے تقریباً 12 ہزار 100 افراد بے گھر ہوئے۔ اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے حالیہ انتخابات سے قبل اعلان کیا تھا کہ کیمپ سے نکالے گئے افراد کو واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
طولکرم کیمپ 1950 میں ان فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے قائم کیا گیا تھا جو 1948 میں اسرائیل کے قیام کے دوران اپنے گھروں سے بے دخل ہوئے یا نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے۔ مغربی کنارہ 1967 سے اسرائیلی قبضے میں ہے۔
خوراک بڑا مسئلہ
گھروں سے محروم ہونے والے خاندان اب عارضی اور محدود سہولتوں والے مقامات پر زندگی گزار رہے ہیں۔ عادل درسیہ بھی کیمپ کے قریب ایک عارضی مکان میں رہائش پذیر ہیں، جس کی چھت دھات کی چادروں سے بنی ہے۔ ان کی اہلیہ وہیل چیئر استعمال کرتی ہیں۔
متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے مقامی فلاحی تنظیمیں کھانے پینے کا انتظام کر رہی ہیں۔ فزاعہ کچن نامی امدادی گروپ روزانہ تقریباً 400 خاندانوں کے لیے 1200 کھانے تیار اور تقسیم کرتا ہے۔
تنظیم کے سربراہ حسین الشیخ علی، جو خود بھی بے گھر ہو چکے ہیں، کے مطابق اگر یہ کھانا فراہم نہ کیا جائے تو کئی خاندانوں کو رات بھوکے پیٹ گزارنا پڑے گی۔
نیتن یاہو کے بعد بھی پالیسی بدلنے کا یقین نہیں
اسرائیل کے حالیہ انتخابات میں نیتن یاہو کی جماعت کو نشستوں کے نقصان کے بعد سابق فوجی جنرل گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تاہم فلسطینی خاندانوں کو خدشہ ہے کہ قیادت تبدیل ہونے کے باوجود مغربی کنارے سے متعلق اسرائیلی پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی نہیں آئے گی۔
یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات سے وابستہ پالیسی ماہر بیتھ اوپن ہائیم کے مطابق اسرائیلی معاشرے میں مغربی کنارے کے اہم معاملات، بالخصوص فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت، پر وسیع اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔
ان کا خیال ہے کہ آئزن کوٹ کی حکومت طولکرم کے رہائشیوں کی واپسی کے معاملے میں نسبتاً لچک دکھا سکتی ہے، تاہم اس کا انحصار اسرائیل کے سیاسی اور سکیورٹی حالات پر ہوگا۔
واپسی ممکن ہوئی تو بھی گھر کہاں ملیں گے؟
بے گھر فلسطینیوں کے لیے ایک اور بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ان کے پرانے گھروں اور کاروباری مراکز کا بڑا حصہ تباہ ہو چکا ہے۔ کیمپ کے کئی مکانات مسمار، عمارتیں خالی اور کاروباری مقامات جلائے جا چکے ہیں۔ اس لیے واپسی کی اجازت ملنے کی صورت میں بھی متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ زندگی شروع کرنے کے لیے بڑے مسائل کا سامنا ہوگا۔
فزاعہ کچن میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی 44 سالہ آسیا عصف کا گھر بھی مارچ 2025 میں تباہ ہوگیا تھا۔ ان کے مطابق جب تک کوئی شخص خود اس تکلیف سے نہ گزرے، وہ اس کے اثرات کا اندازہ نہیں لگا سکتا۔
مجموعی طور پر فلسطینی خاندانوں کے لیے اسرائیل میں حکومت کی تبدیلی سے زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ انہیں اپنے گھروں میں واپس جانے، محفوظ زندگی گزارنے اور بنیادی ضروریات حاصل کرنے کا حق کب ملے گا۔


