راولپنڈی: پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے فتح تھری سپرسانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ میزائل سپرسانک رفتار سے طویل فاصلے پر اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح تھری جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹمز سے لیس کروز میزائل ہے، جس میں اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی جدید صلاحیت موجود ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فتح تھری کی شمولیت سے پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل صلاحیتوں اور اسٹرائیک رینج میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
اس میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیت اور دفاعی بازدار قوت کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
فتح تھری کا تجربہ ملکی دفاعی ٹیکنالوجی اور قومی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے عزم کا مظہر ہے۔
فتح تھری کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کی تیاری اور کامیاب تجربے میں شامل سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت اور پیشہ ورانہ لگن کو بھی سراہا گیا۔
فتح تھری کے کامیاب تجربے پر صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے متعلقہ سائنسدانوں، انجینئرز اور ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت نے میزائل کی تیاری اور کامیاب تجربے میں حصہ لینے والے ماہرین کی محنت اور لگن کو خراج تحسین پیش کیا۔
فتح تھری کا کامیاب تجربہ پاکستان کی قومی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور دفاعی بازدار قوت کو مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔


