گیمنگ کی دنیا میں 13 سال کا انتظار ختم، جی ٹی اے 6 ریلیز

نیویارک : دنیا کی مقبول ترین ویڈیو گیم سیریز میں شمار ہونے والی گرینڈ تھیفٹ آٹو (جی ٹی اے) کی نئی قسط باضابطہ طور پر ریلیز ہو گئی ہے۔ راک اسٹار گیمز کی اس نئی پیشکش کا دنیا بھر میں بے صبری سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ مختلف خطوں میں مقامی وقت کے مطابق آدھی رات سے گیم کی دستیابی شروع ہوئی ہے۔

یہ ریلیز اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے کہ اس سیریز کی گزشتہ بڑی قسط جی ٹی اے 5 ستمبر 2013 میں سامنے آئی تھی۔ یعنی گیمنگ کے شوقین افراد کو نئی قسط کے لیے تقریباً 13 سال انتظار کرنا پڑا۔ اس دوران نئی قسط سے متعلق متعدد افواہیں، قیاس آرائیاں اور ٹریلرز سامنے آتے رہے، جبکہ ریلیز کی تاریخ بھی کئی مرتبہ تبدیل ہوئی۔

کہانی کہاں سے شروع ہوگی؟

جی ٹی اے 6 میں کھلاڑیوں کو ایک بار پھر مشہور فرضی شہر وائس سٹی کی دنیا میں لے جایا جائے گا، جو امریکی ریاست فلوریڈا سے متاثر ہو کر تخلیق کیا گیا ہے۔ اس بار کہانی کا مرکز دو کردار جیسن اور لوشیا ہیں، جن کی زندگی ایک مجرمانہ سازش کے گرد گھومتی ہے۔

گیم میں فرضی ریاست لیونیڈا کو مرکزی مقام حاصل ہے، جہاں جدید شہری زندگی، ساحلی علاقے، مختلف آبادیاں اور قدرتی مناظر دکھائے گئے ہیں۔ راک اسٹار گیمز کے مطابق اس بار کھلاڑیوں کو پہلے سے زیادہ وسیع اور تفصیلی دنیا دیکھنے کو ملے گی۔

کن پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگی؟

ابتدائی طور پر جی ٹی اے 6 دو بڑے گیمنگ کنسولز پلے اسٹیشن 5 ، ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کے لئے جاری کیا جاچکا ہے۔

کمپیوٹر کے لیے ریلیز کی کوئی باضابطہ تاریخ سامنے نہیں آئی۔ اس لیے فی الحال پی سی صارفین کو مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔

گیم کا سائز بھی غیر معمولی

جی ٹی اے 6 کی ایک اور اہم بات اس کا بڑا ڈیجیٹل سائز ہے۔ راک اسٹار گیمز کی پری لوڈنگ سے متعلق معلومات کے مطابق گیم کے لیے ڈیوائس کے لحاظ سے 212 جی بی تک اسٹوریج درکار ہو سکتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ صارفین کو گیم انسٹال کرنے سے پہلے اپنے کنسول میں مناسب جگہ یقینی بنانا ہوگی۔

گیمنگ انڈسٹری کے لیے بڑا امتحان

جی ٹی اے سیریز محض ایک ویڈیو گیم نہیں بلکہ عالمی تفریحی صنعت کا ایک بڑا برانڈ بن چکی ہے۔ اس کی گزشتہ قسط جی ٹی اے 5 دنیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیمز میں شامل ہے اور اس کی فروخت 23 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔

اسی پس منظر میں جی ٹی اے 6 سے توقعات بھی غیر معمولی حد تک بڑھ چکی ہیں۔ گیمنگ انڈسٹری کے مبصرین کی نظر اس بات پر ہے کہ آیا نئی قسط اپنے پیش رو کی کامیابی کو پیچھے چھوڑ سکے گی یا نہیں۔

عمر کی پابندی اور تنازعات

جی ٹی اے سیریز ماضی میں بھی تشدد، جرائم اور بالغ موضوعات کی عکاسی کے باعث تنقید کا سامنا کرتی رہی ہے۔ نئی قسط میں بھی بالغ موضوعات اور دیگر حساس مواد شامل ہے۔ امریکی ادارے ای ایس آربی نے اسے ایم (میچور 17+) کی درجہ بندی دی ہے، یعنی یہ گیم 17 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے موزوں قرار دی گئی ہے۔

مجموعی طور پر جی ٹی اے 6 کی آمد گیمنگ انڈسٹری کے لیے سال 2026 کے اہم ترین واقعات میں سے ایک ہے۔ اب اصل توجہ اس بات پر ہوگی کہ 13 سال کے طویل انتظار کے بعد راک اسٹار گیمز صارفین کی توقعات پر کس حد تک پورا اترتی ہے۔