بنگلا دیش میں سیاسی کشیدگی کے دوران نوبیل امن انعام یافتہ ماہر معاشیات اور سابق عبوری حکومت کے سربراہ پروفیسر محمد یونس کا آبائی گھر نذرِ آتش کردیا گیا۔ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب چٹاگانگ (چٹگرام) کے علاقے پنچلائش میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے گھر کے گراؤنڈ فلور پر واقع ایک خالی کمرے میں آگ لگادی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز اور بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق آگ بدھ کی رات تقریباً ساڑھے 11 بجے لگی۔ پولیس اہلکاروں نے معمول کے گشت کے دوران آگ دیکھی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے مزید پھیلنے سے روک دیا۔
پولیس حکام کے مطابق عمارت کے گراؤنڈ فلور پر واقع متاثرہ کمرہ گزشتہ 10 سے 15 برس سے غیر استعمال شدہ تھا، جبکہ گھر کی دوسری اور تیسری منزل پر پروفیسر محمد یونس کے بھائیوں کے اہل خانہ رہائش پذیر ہیں۔ واقعے میں اہل خانہ محفوظ رہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور گھر کے اطراف سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ تاحال آگ لگانے میں ملوث افراد کی شناخت اور واقعے کے محرکات کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
بنگلا دیش میں سیاسی کشیدگی
محمد یونس کے گھر پر آتشزدگی کا واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب بنگلا دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ کی جانب سے ملک گیر لاک ڈاؤن کی اپیل کے بعد سیاسی تناؤ بڑھ گیا ہے۔
شیخ حسینہ واجد اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں حکومت سے الگ ہونے کے بعد بھارت چلی گئی تھیں۔ ان کی جماعت نے حالیہ دنوں میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے ذریعے حکومت پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ جماعت نے 19 نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن کی اپیل بھی کی تھی۔
یہ اپیل ایسے وقت سامنے آئی جب حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک سے متعلق عدالتی فیصلے کو ایک سال مکمل ہوا۔ سابق وزیراعظم نے دسمبر میں وطن واپسی کے ارادے کا بھی اظہار کیا ہے، تاہم ان کے سفری دستاویزات سے متعلق درخواست مسترد کیے جانے کے بعد سیاسی تنازع مزید بڑھ گیا ہے۔
گرٰامین بینک کے دفاتر بھی نشانے پر
پروفیسر محمد یونس کے آبائی گھر پر آتشزدگی سے قبل ان کے قائم کردہ گرٰامین بینک کی مختلف شاخوں اور دفاتر میں بھی آگ لگانے اور حملوں کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
رائٹرز کے مطابق بینک نے بتایا کہ 10 نومبر سے اب تک اس کی کم از کم 37 شاخوں اور دفاتر کو آتشزدگی یا آگ لگانے کی کوششوں کا نشانہ بنایا جاچکا ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں، گاڑیوں کو آگ لگانے اور سیاسی کارکنوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ پولیس کے مطابق امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر مختلف اضلاع میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔


