برسلز: یورپی یونین کے اہم ادارے یورپی کمیشن کے کمپیوٹر سسٹمز پر سائبر حملے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے نتیجے میں بڑی مقدار میں ذاتی معلومات چوری ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق حملے کا بیشتر حصہ قابو میں کر لیا گیا ہے، تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کتنے ڈیٹا تک ہیکرز کی رسائی ہوئی اور اصل نقصان کتنا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یورپی کمیشن کے کمپیوٹر نیٹ ورک کو نشانہ بنانے والے اس سائبر حملے کی اطلاع پولیٹیکو نے ایک یورپی عہدیدار کے حوالے سے دی ہے۔ حملے کے باعث ادارے کے متعدد اندرونی نظام متاثر ہوئے اور بعض سروسز کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔ یہ تعطل تقریباً دس روز تک جاری رہا۔
رپورٹس کے مطابق متاثر ہونے والے نظاموں میں سسپر بھی شامل تھا، جو ملازمین کی تنخواہوں، چھٹیوں اور حاضری کے ریکارڈ کا انتظام کرتا ہے۔ اسی طرح مائی ایم پی او نامی نظام بھی متاثر ہوا، جس کے ذریعے ملازمین کے طبی اخراجات کی واپسی سے متعلق امور نمٹائے جاتے ہیں۔ ان سروسز کی بندش کے باعث عملے کو اپنے معمول کے انتظامی امور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یورپی کمیشن کے ترجمان تھامس ریگنیئر نے تصدیق کی کہ ادارے نے سائبر حملوں کی ایک مہم کا پتا چلنے کے بعد ضروری اقدامات کیے ہیں۔ ان کے مطابق حملہ مخصوص کمپیوٹر سسٹمز کو نشانہ بنا کر کیا گیا اور معمول کے طریقہ کار کے تحت متاثرہ افراد کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یورپی یونین کے اداروں کی سائبر سیکیورٹی سروس سرٹ – یو ای نے رواں ماہ اس حملے کی نشاندہی کی تھی۔ پولیٹیکو کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیکرز نے کمپیوٹر سسٹمز میں کمزوریاں تلاش کرنے کے لیے آرٹیکس نامی عوامی سطح پر دستیاب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ٹول کا استعمال کیا۔ تاہم حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے مقاصد کے بارے میں فی الحال کوئی حتمی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
حملے کی سنگینی کے پیش نظر یورپی کمیشن نے اپنا اعلیٰ سطحی داخلی بحران سے نمٹنے والا ادارہ بھی طلب کیا، جبکہ ڈیجیٹل سروسز کے شعبے کو سیکیورٹی جانچ مزید سخت کرنے کی ہدایت دی گئی۔ یورپی کمیشن کی ٹیکنالوجی کمشنر ہینا ویرکونن نے بھی بدھ کو کمشنرز کے اجلاس میں حملے سے نمٹنے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔
فی الحال سب سے اہم سوال یہ ہے کہ ہیکرز کس نوعیت کی معلومات تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ملازمین کی تنخواہوں، حاضری، چھٹیوں اور طبی اخراجات سے متعلق نظام متاثر ہونے کے باعث ذاتی معلومات کے افشا ہونے کا خدشہ موجود ہے، لیکن چوری ہونے والے ڈیٹا کی حتمی مقدار اور اس میں شامل معلومات کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔ اس لیے فی الحال اسے ممکنہ ڈیٹا لیک قرار دیا جا رہا ہے۔


