روسی بحری جہاز پر ڈرون حملہ، فن لینڈ کا یورپ میں جنگ پھیلنے کا انتباہ

جنیوا: روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے اثرات اب بالٹک سمندر کے خطے میں بھی مزید نمایاں ہونے لگے ہیں۔ فن لینڈ کے قریب بین الاقوامی سمندری حدود میں روسی کارگو جہاز پر ڈرون حملے اور اس کے بعد لگنے والی آگ نے یورپی ممالک میں تشویش پیدا کردی ہے۔ فن لینڈ کے وزیراعظم پیٹری اورپو نے صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ اب ہمارے قریبی علاقوں تک پھیل رہی ہے، جبکہ یوکرین کو جارحیت کرنے والے ملک کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق 21 نومبر کو روسی کارگو جہاز ’اسپارٹا ٹو‘ کو خلیج فن لینڈ میں جزیرہ گوگلینڈ کے مغرب میں ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ فن لینڈ کی وزارت دفاع نے تصدیق کی کہ اس کی افواج نے بین الاقوامی پانیوں میں روسی جہاز پر ڈرون حملے کا پتا لگایا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز کو دو ڈرونز نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اس پر آگ بھڑک اٹھی اور جہاز کو نقصان پہنچا۔

فن لینڈ کی فوجی حکام نے اس حملے کے پیچھے یوکرین کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، تاہم یوکرین نے تاحال باضابطہ طور پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

روسی جہاز پر حملے کے بعد عملے کا انخلا

حملے کے بعد جہاز میں آگ لگنے سے صورتحال سنگین ہوگئی اور جہاز سمندر میں بہتا ہوا فن لینڈ کی سمندری حدود کی جانب پہنچ گیا۔ بعد ازاں اسے لنگر انداز کردیا گیا تاکہ اس کی نقل و حرکت روکی جاسکے۔

فن لینڈ کے حکام کے مطابق جہاز پر موجود عملے کے 16 ارکان کو لائف بوٹس کے ذریعے نکالا گیا اور انہیں قریب موجود ایک دوسرے روسی تجارتی جہاز پر منتقل کردیا گیا۔ عملے کو بحفاظت روس واپس لے جانے کا انتظام کیا گیا۔

فن لینڈ کے بارڈر گارڈ، امدادی جہازوں اور دیگر متعلقہ اداروں نے آگ بجھانے اور جہاز کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے کارروائیاں شروع کردیں۔ ان کارروائیوں میں ایسٹونیا کی بحریہ کے جہاز نے بھی معاونت کی، جبکہ روسی امدادی جہاز کو بھی آپریشن میں شامل کیا گیا۔

حکام کو خدشہ تھا کہ جہاز میں آگ کے باعث مزید دھماکے ہوسکتے ہیں یا مسلسل آگ لگنے سے جہاز ڈوب سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ممکنہ تیل یا دیگر آلودہ مادوں کے سمندر میں پھیلنے کے خطرے کو بھی نظرانداز نہیں کیا گیا۔

روسی کارگو جہاز پر حملے کے چند گھنٹوں بعد ایک اور واقعے نے صورتحال کو مزید حساس بنادیا۔ فن لینڈ کی وزارت دفاع کے مطابق ایک روسی ہیلی کاپٹر کی جانب سے ملک کی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی کا شبہ ہے۔

فن لینڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر تقریباً 4.1 کلومیٹر تک فن لینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ وزیر دفاع انٹی ہیکینن نے امکان ظاہر کیا کہ یہ واقعہ متاثرہ جہاز کی نگرانی یا امدادی کارروائیوں سے منسلک ہوسکتا ہے، تاہم اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

فن لینڈ نے صورتحال کے پیش نظر نیٹو کو بھی آگاہ کردیا اور خلیج فن لینڈ کے مشرقی حصے میں فضائی اور سمندری آمدورفت کے لیے عارضی پابندیاں عائد کیں تاکہ شہریوں اور امدادی کارروائیوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

جہاز کا روسی فوج سے کیا تعلق ہے؟

اس واقعے میں متاثر ہونے والا جہاز ’اسپارٹا ٹو‘ محض ایک عام تجارتی جہاز نہیں بلکہ اس کے روسی فوجی رسد کے نظام سے روابط بھی بتائے جاتے ہیں۔

یہ جہاز روسی کمپنی ’اوبورون لاجسٹکس‘ کے زیرِ انتظام ہے، جو روسی وزارت دفاع کو رسدی اور نقل و حمل کی خدمات فراہم کرتی ہے۔ امریکی حکومت نے 2022 میں اس کمپنی اور جہاز پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

ماضی میں اس جہاز پر شام سمیت دیگر مقامات سے روسی فوجی سازوسامان کی نقل و حمل میں ملوث ہونے کے الزامات بھی سامنے آچکے ہیں۔

فن لینڈ کے بارڈر گارڈ کے مطابق حملے کے وقت جہاز میں موجود سامان کی نوعیت کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی، تاہم اس امکان کو رد نہیں کیا گیا کہ اس میں فوجی سازوسامان موجود ہوسکتا ہے۔

حملے کے وقت جہاز روس کے علاقے سینٹ پیٹرزبرگ سے روانہ ہوکر روس کے علاقے کیلینن گراڈ کی جانب جا رہا تھا۔

بالٹک سمندر کیوں اہم ہے؟

بالٹک سمندر یورپ کے شمالی حصے میں واقع ایک اہم سمندری خطہ ہے، جس کے اطراف فن لینڈ، روس، ایسٹونیا، سویڈن، پولینڈ، جرمنی اور دیگر ممالک واقع ہیں۔

اس سمندر کے مشرقی حصے میں واقع خلیج فن لینڈ روس کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اسی سمندری راستے کے ذریعے سینٹ پیٹرزبرگ تک آمدورفت ہوتی ہے۔

کیلینن گراڈ بھی روس کے لیے ایک اہم اسٹریٹجک علاقہ ہے، جو پولینڈ اور لیتھوانیا کے درمیان واقع ہے اور روس کے مرکزی حصے سے زمینی طور پر منسلک نہیں۔

یوکرین جنگ کے بعد بالٹک سمندر میں روس اور نیٹو ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ اس خطے میں بحری جہازوں، زیرِ سمندر مواصلاتی کیبلز اور توانائی کی تنصیبات کے تحفظ سے متعلق خدشات بھی بڑھتے رہے ہیں۔

نیٹو ممالک کی تشویش میں اضافہ

فن لینڈ اور سویڈن دونوں نے روس کے یوکرین پر حملے کے بعد اپنی دہائیوں پرانی فوجی غیرجانبداری کی پالیسی ترک کرکے نیٹو میں شمولیت اختیار کی۔ فن لینڈ 2023 جبکہ سویڈن 2024 میں اس اتحاد کا حصہ بنا۔

حالیہ واقعے کے بعد سویڈن نے بھی فن لینڈ اور نیٹو کی علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے جنگی طیارے تعینات کیے، جبکہ ایسٹونیا نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے اپنا بحری جہاز بھیجا۔

ایسٹونیا کے وزیراعظم کرسٹن میکائیل نے بھی واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ روس کی جارحیت کے نتائج اب بالٹک سمندر تک پہنچ چکے ہیں اور یوکرین کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

دوسری جانب روس کے لینن گراڈ علاقے کے گورنر الیگزینڈر دروزدینکو نے دعویٰ کیا کہ حملے کے بعد رات کے دوران علاقے میں تقریباً 80 ڈرون مار گرائے گئے۔

کیا روس یوکرین جنگ مزید پھیل سکتی ہے؟

اس واقعے نے ایک بار پھر یہ سوال کھڑا کردیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے اثرات کس حد تک یورپ کے دیگر ممالک کو متاثر کرسکتے ہیں۔

اب تک دونوں ممالک کے درمیان زیادہ تر بحری حملے بحیرہ اسود کے خطے میں دیکھے گئے ہیں، تاہم بالٹک سمندر میں روسی جہاز کو نشانہ بنائے جانے اور اس کے بعد روسی ہیلی کاپٹر کی فن لینڈ کی فضائی حدود میں مبینہ خلاف ورزی نے صورتحال کو مزید حساس بنادیا ہے۔

فن لینڈ کی جانب سے اسے قریبی علاقوں تک جنگ کے اثرات پہنچنے کے طور پر دیکھا جارہا ہے، تاہم اس واقعے کو نیٹو اور روس کے درمیان براہِ راست جنگ قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔

فی الحال فن لینڈ سمیت دیگر یورپی ممالک کی توجہ سمندری سلامتی، ممکنہ ماحولیاتی نقصان اور اپنی فضائی و سمندری حدود کے تحفظ پر مرکوز ہے۔