کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اختلاف رائے کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد کے لیے سوچنا ہوگا۔
کراچی میں سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا نظام بنانا ہوگا جس پر نہ صرف عوام اور حکومت بلکہ اپوزیشن بھی اعتماد کرے۔ یہ نظام وقتی نہیں بلکہ دائمی ہونا چاہیے، اور نوجوانوں کو یہ اعتماد دلانا ہوگا کہ یہ نظام ان کے لیے ہے، کسی اور کے لیے نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ 20 سال سے پاکستان کی سیاست میں ہیں، اگر آج وہ مایوس ہیں تو پاکستان کے دیگر نوجوانوں کی کیا حالت ہوگی۔ نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے جو بھی ری سیٹ ہوگا وہ جمہوری ہوگا، جس سے پارلیمنٹ کی بالادستی، عدلیہ کا اعتماد اور الیکشن کا وقار بحال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ایسا پاکستان بنانا ہوگا جہاں کرپشن نہ ہو، اور ماڈرن ٹیکنالوجی کے ذریعے کرپشن کے راستے بند کیے جائیں۔ انتقام کی بجائے حالات درست کرنے کے لیے کام کرنا ہوگا اور عوام کا اعتماد پارلیمنٹ، عدلیہ اور میڈیا میں بحال کرنا ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان میں ایسا یونائیٹڈ فرنٹ قائم کیا جائے جو تمام مسائل حل کرے۔ اگر پاکستان متحد ہو تو کسی بھی آفت اور بحران کا مقابلہ کر لیں گے، لیکن اگر آپس میں لڑتے رہے تو کسی بحران کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کامیاب ہوا تو پاکستان کے حالات بہتر ہوں گے، اور ناکام ہوا تو بھی تاریخ لکھے گی کہ ایک نوجوان کھڑا تھا۔


