اہم ترین

ہر 3 میں سے ایک عورت ماہواری میں آدھے سر درد کا شکار ہوتی ہیں : تحقیق

امریکی ماہرین نے ہزاروں خواتین کے طبی ریکارڈ کی بنیاد پر نتیجہ اخذکیا ہے کہ ایک تہائی خواتین مہینے میں خاص ایام کے (ماہواری) کے دوران آدھی سر میں درد (مائگرین) کا شکار ہوتی ہیں۔

امریکا کے شہر ڈینور میں امریکن اکیڈمی آف نیورولوجی کے سالانہ اجلاس میں خواتین میں ماہواری کے دوران درد شقیقہ (مائگرین) کی شکایت سے متعلق کی گئی تحقیق پیش کی گئی۔

تحقیق کی سربراہی جارج ٹاؤن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے شعبہ کلینیکل نیورولوجی سے وابستہ ڈاکٹر جیسیکا ایلانی نے کی۔

ڈاکٹر جیسیکا ایلانی اور ان کے ساتھیوں نے امریکا میں 2021 کے دوران کئے گئے نیشنل ہیلتھ اینڈ ویلنس سروے کے دوران بالغ خواتین میں درد شقیقہ کے حوالے سے جمع کئے گئے ڈیٹا پر تحقیق کی۔

تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ ایک تہائی خواتین نے خاص ایام کے دوران درد شقیقہ کی شکایت کی جب کہ 52 فیصد سے زائد خواتین نے بتایا کہ وہ ایام سے پہلے کے دنوں میں اس مسئلے سے دوچار ہوتی ہیں۔

ماہرین نے بتایا کہ ہر مہینے میں خواتین کو 8 سے زائد مرتبہ مائگرین کی شکایت ہوتی ہے ۔ 56 فیصد خواتین میں یہ تکلیف شدید ہوتی ہے۔ 49 فیصد خواتین کی اکثریت نے اس تکلیف سے چھٹکارے کے لئے اپنے معالجین کی تجویز کی گئی ادویات استعمال کیں۔

جارج ٹاؤن یونیورسٹی کی جانب سے پریس ریلیز میں ڈاکٹر جیسیکا نے کہا کہ درد شقیقہ عمر بھر کی دماغی بیماری ہے جس کا کوئی علاج نہیں، تاہم اس کے علاج کا مقصد بیماری کو کم کرنا اور اپنے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ بدقسمتی سے اس بیماری کے لئے تجویز کردہ نئے علاج مہنگے ہوتے ہیں، اس لیے عمومی طور پر رائج طرقیہ علاج ہی استعمال کیے جاتے ہیں اور ان کے اثرات بھی پڑتے ہیں۔

ڈاکٹر جیسیکا نے کہا کہ بہت سی خواتین کو اس کا علاج کرنے کے بجائے اسے برداشت کرنے کو ہی ترجیح دیتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہر کی حیثیت سے وہ اپنے کلینک میں خواتین کو اس درد کی تکلیف میں کمی لانے کے لئے مدد فراہم کرسکتی ہیں لیکن ان لاکھوں خواتین کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے جو سر درد کے کلینک میں نہیں آتیں۔

پاکستان