پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے پی سی بی کو تین ارب روپے کے منافع کا تخمینہ لگایا ہے۔
لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ایف او جاوید مرتضیٰ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی کے مشیر عامر میر نے کہا کہ پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کا کامیابی سے انعقاد کیا، تمام بڑی ٹیموں نے پاکستان میں کرکٹ کھیلی۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان دشمن میڈیا جھوٹ کی دکان چلا رہے ہیں، افسوس کی بات ہے کہ یہ پروپیگنڈا پاکستانی میڈیا نے بھی چلایا ہے۔
عامر میر نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے تمام اخراجات آئی سی سی نے اٹھائے، آئی سی سی نے ایونٹ کے انعقاد کے لئے 70 ملین ڈالرز کا بجٹ بنایا تھا۔ اسی بجٹ میں ایونٹ مکمل کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی کے مشیر نے کہا کہ پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی سے دو ارب روپے منافع کا تخمینہ لگایا تھا لیکن منافع اس سے بھی زیادہ ہوا ہے۔۔
اس موقع پر جاوید مرتضیٰ نے کہا کہ جاوید مرتضیٰ نے کہا کہ ہم مجموعی طور پر مالی لحاظ سے مضبوط ہوئے ہیں، پی سی بی کو کوئی مالی نقصان نہیں ہوا۔ گزشتہ مالی سال10 ارب کا منافع ہوا، یہ آئی سی سی کا ایونٹ تھا جس کا انعقاد پی سی بی نے کیا۔