پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز نے حسن علی کو دسویں سیزن کے لئے نائب کپتان مقرر کردیا ہے۔
کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 12 اپریل کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلیں گے۔ فرنچائز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن میں حسن علی نائب کپتان کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
کراچی کنگز نے حسن علی کو نائب کپتان بنانے کا اعلان اپنے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیا جبکہ آج اسلام آباد میں ہونیوالی کپتانوں کی پریس کانفرنس ڈیوڈ وارنر کے بجائے انہوں نے شرکت کی تھی۔
فرنچائز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ حسن علی میں وہ جذبہ ہے جو کراچی کنگز کی پہچان ہے، ہم چاہتے ہیں کہ وہ کپتان ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر ٹیم کو اونچے درجے پر لے جائیں۔
گزشتہ سیزن میں فاسٹ بولر نے 14 وکٹیں حاصل کرکے فرنچائز کے کامیاب ترین بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔