اہم ترین

بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا اس سے بڑھ کر جواب دیں گے: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی کو بھی ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا فوری، پرعزم اور بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کیا اور ’ایکسرسائز ہیمر اسٹرائیک‘ کا جائزہ لیا۔ یہ مشق پاکستان فوج کی منگلا اسٹرائیک کور کی ایک اعلیٰ سطح کی فیلڈ ٹریننگ مشق تھی۔

مشق میں پاکستان فوج کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال کو نمایاں کیا گیا جس کا مقصد آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔

دورے کے دوران آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، جنگی مہارت اور جذبے کی تعریف کی۔

پاک فوج کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا فوری، پرعزم اور بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہماری تیاری اور عزم غیر متزلزل ہے۔

پاکستان