اہم ترین

ٹی 20 کی تاریخ میں انوکھا واقعہ: ایک ہی میچ میں 3 مرتبہ سپر اوور

نیدرلینڈز اور نیپال کے درمیان گزشتہ روز کھیلے گئے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ ہار جیت کے تعین کے لئے ایک یا دو نہیں پورے 3 مرتبہ سپر اوور کرانے پڑگئے۔ جوکہ انٹرنیشنل ٹی 20 میچوں میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔

اسکاٹ لینڈ، نیپال اور نیدرلینڈز کا شمار کرکٹ بیبیز میں ہوتا ہے یعنی ابھی انہیں آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ میچ کھیلنے کی اہلیت کا اسٹیٹس نہیں ملا۔ تینوں ملکوں کی ٹیمیں اس وقت سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں مد مقابل ہے جس کا میزبان اسکاٹ لینڈ ہے۔

گزشتہ روز گلاسگو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز اور نیپال کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، جہاں مداحوں کو انتہائی سنسنی خیز ٹی20 مقابلہ دیکھنے کا ملا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے اور نیپال کو جیت کیلئے 153 رنز کا ہدف ملا، تاہم نیپالی ٹیم محض 8 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بناسکی اور یوں میچ ڈرا ہوگیا۔

فارمیٹ کے قواعد کے مطابق ہار جیت کے تعین کے لئے سپر اوور مرحلہ شروع ہوا ۔ نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 19 رنز بنائے، جواب نیدرلینڈز کی ٹیم نے بھی بغیر وکٹ گنوائے 19 رنز بنائے اور میچ دوبارہ ڈرا ہوگیا۔

پہلا سپر اوور ڈرا ہوا تو بات دوسرئ سپر اوور پر چلی گئی ۔ نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کی اور ایک وکٹ کے نقصان پر 17 رنز کا مجموعہ بورڈ پر سجایا، نیپالی بیٹر ہدف کے تعاقب کیلئے میدان پر اُترے اور وہ بھی صرف 17 ہی رنز بناکر سکے۔

انتہائی دلچسپ میچ کا تیسرا سپر اوور بھی رولر کوسٹر رائیڈ ثابت ہوا، اب نیپال نے پہلے بیٹنگ کی تو وہ بغیر کوئی رنز بنائے اپنی دونوں وکٹیں گنوا بیٹھی اور یوں نیدرلینڈز کو جیت کیلئے محض ایک رن کا ہدف ملا، جہاں مائیکل لیویٹ نے چھکا لگا کر ٹیم کو میچ جتوادیا۔

پاکستان