آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹیسٹ فارمیٹ پر اپنی توجہ مرکوز رکھنے کے لئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
مچل اسٹارک نے 65 ٹی20 انٹر نیشنل کھیلے جس میں انہوں نے 79 وکٹ حاصل کیں۔۔ وہ اس وقت ٹی 20 فارمیٹ میں آسٹریلیا کے دوسرے کامیاب ترین بولر ہیں۔
وہ آسٹریلیا کی ٹیم کا حصہ تھے جس نے 2021 کا ٹی20 ورلڈ کپ یو اے ای میں جیتا۔ انہوں نے کرکٹ کے مختصر ترین مسلمہ فارمیٹ میں آخری بار 2024 کے ورلڈ کپ میں شرکت کی۔
اپنے بیان میں مچل اسٹارک نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میری ہمیشہ سے سب سے اولین ترجیح رہی ہے،میں نے آسٹریلیا کے لیے ہر ٹی 20 میچ کے ہر لمحے سے محبت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز کے لئے دورہ بھارت ، ایشز اور 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے مجھے لگتا ہے کہ یہ میرے لیے آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے تاکہ میں تازہ، فٹ اور ان مہمات کے لیے اپنی بہترین حالت میں رہ سکوں۔
مچل اسٹارک کا اعلان اس وقت آیا جب آسٹریلیا نے اکتوبر کے اوائل میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کیا۔
آسٹریلوی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جارج بیلی نے کہا کہ مچل کو آسٹریلیا کے لیے اپنے ٹی 20 کیریئر پر بے حد فخر ہونا چاہیے۔ وہ 2021 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا ایک لازمی رکن تھا۔ اس کی وکٹ لینے کی صلاحیت بہت شاندار ہے ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ مچل اسٹارک کی ساری توجہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کھیلنے پر مرکوز ہے۔









