فیصل آباد میں 17 سال بعد کھیلے گئے پہلے انٹرنیشل مقابلے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا۔
فیصل آباد میں کھیلی جارہی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم کے بولرز تمام 10 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور مہمان ٹیم 49.1 اوورز میں 263 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بھی 8 وکٹیں گرگئی لیکن قومی ٹیم ایک گیند پہلے فتح سے ہمکنار ہوئی۔ اس طرح پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
جنوبی افریقا کی بیٹنگ
پاکستان کو پہلی کامیابی 16ویں اوور میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے پریٹوریس کی صورت میں ملی۔ وہ صائم ایوب کا شکار بنے ۔
نسیم شاہ نے 63 رنز کھیلنے والے کوئنٹن ڈی کوک کو بولڈ کیا۔ پھر صائم نے اپنی ہی بولنگ پر زورزی کا کیچ پکڑا۔ محمد نواز کی پہلی وکٹ 26 سالہ سینتھمبا قشیلے کی تھی جنھوں نے 22 رنز بنائے۔
ڈوناون فریرا محض تین رنز بنا کر ابرار کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ جارج لنڈے نے بھی صرف دو رنز بنائے اور وہ نسیم کا دوسرا شکار بنے۔کپتان میتھیو بریٹزکے 42 رنز پر اور فارچیون صفر پر ابرار احمد کا شکار بنے۔
لوئر مڈل آرڈر میں کھیلتے ہوئے آل راؤنڈر کوربن بوش نے 41 رنز بنائے اور ان کی وکٹ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی۔ پھر نسیم نے تیسری وکٹ لیزاد ولیمز کی حاصل کی۔
نسیم شاہ اور ابرار احمد کو تین، تین وکٹیں ملیں جبکہ ابتدا میں صائم ایوب دو اہم وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کی بیٹنگ
ہدف کے تعاقب میں اوپنرز فخر زمان اور صائم ایوب نے پر اعتماد آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان نے 45 جبکہ صائم ایوب نے 39 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی بنیاد مستحکم کی۔ تاہم کپتان بابر اعظم ایک بار پھر فارم میں نہ آ سکے اور صرف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ رضوان نے 55 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 62 رنز بنائے۔
اننگز کے آخری لمحات میں حسین طلعت نے 22 رنز جوڑے، تاہم حسن نواز صرف ایک رن بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔ آخری اوور میں پاکستان کو چار رنز درکار تھے، اس دوران محمد نواز نو رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن ٹیم نے مقررہ ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا۔









