اہم ترین

بیٹل آف گلوان کے ٹیزر پر سوشل میڈیا ٹرولنگ : سلمان خان بھی میدان میں آگئے

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی آنے والی وار فلم بیٹل آف گلوان کے ٹیزر میں دکھائے گئے اپنے لُک پر ہونے والی ٹرولنگ پر دلچسپ انداز میں ردعمل دے دیا۔ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے ایک لمحاتی منظر کو رومانٹک گِلانس قرار دے کر تنقید کی تھی، جس پر سلمان نے نہ صرف وضاحت دی بلکہ اسے مزاح میں بھی اڑا دیا۔

حال ہی میں انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ (آئی ایس پی ایل) کے ایک میچ کے دوران سلمان خان نے وہی منظر دوبارہ ادا کیا اور کہا کہ اب کسی کو یہ رومانٹک لگتا ہے، لیکن فلم میں میں ایک کرنل ہوں بھائی! یہ ایک کرنل کا لُک ہے جو اپنی ٹیم اور جوانوں کو حوصلہ دیتا ہے۔

سلمان نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ وہ چاہیں تو ایسا لُک بار بار دے سکتے ہیں، مگر اس کا کوئی رومانوی مطلب نہیں، اور ایسی تنقید سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

فلم “بیٹل آف گلوان” کا ٹیزر سلمان خان کی سالگرہ 27 دسمبر کو جاری کیا گیا تھا، جبکہ فلم کا پہلا گانا ماتر بھومی 24 جنوری کو ریلیز ہو چکا ہے۔

یہ فلم 2020 کے گلوان ویلی تنازعے پر مبنی ہے اور اس میں سلمان خان ایک سنجیدہ اور متاثر کن کردار میں نظر آئیں گے۔

اپوروا لاکھیا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں سلمان خان کے مقابل چترانگدا سنگھ اداکاری کریں گی، جبکہ کئی نئے چہرے بھی فلم کا حصہ ہیں۔ سلمان خان فلم میں کرنل بی سنتوش بابو کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم 17 اپریل 2026 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

پاکستان