اہم ترین

اسپین میں بھی 16 سال سے کم عمر بچوں کیلئے سوشل میڈیا پر پابندی کی تیاری

اسپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت 16 سال سے کم عمر بچوں کیلئے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگانے کی کوشش کرے گی، تاکہ انہیں فحاشی، تشدد اور دیگر نقصان دہ مواد سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس اعلان پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

دبئی میں منعقدہ ایک عالمی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے پیڈرو سانچیز نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مؤثر عمر کی تصدیق کے نظام متعارف کرانا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ محض ایک چیک باکس کافی نہیں بلکہ ایسے حقیقی نظام درکار ہیں جو بچوں کیلئے مضبوط رکاوٹ ثابت ہوں۔

اسپین کے وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج کے بچے ایسے ڈیجیٹل ماحول کا سامنا کر رہے ہیں جہاں نشہ، استحصال، فحاشی، تشدد اور ذہنی ہیرا پھیری عام ہے، اور حکومت اب یہ صورتحال مزید قبول نہیں کرے گی۔

سوشلسٹ رہنما پیڈرو سانچیز نے یہ بھی اعلان کیا کہ ہسپانوی قوانین میں تبدیلی کی جائے گی تاکہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان کو غیرقانونی یا نفرت انگیز مواد ہٹانے میں ناکامی کی صورت میں فوجداری ذمہ داری کا سامنا کرنا پڑے۔

دوسری جانب ایلون مسک نے ایکس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے پیڈرو سانچیز کو توہین آمیز القابات سے نوازا اور انہیں آمر اور عوام کا غدار قرار دیا۔ مسک نے ایک اور پوسٹ میں سانچیز کو ’’حقیقی فاشسٹ‘‘ بھی کہا۔ یہ بیانات ان پوسٹس کا حصہ تھے جن میں مسک نے فرانس میں ایکس کے دفاتر پر ہونے والے پولیس چھاپوں پر بھی شدید تنقید کی۔

واضح رہے کہ پیڈرو سانچیز نے نومبر میں پہلی بار 16 سال سے کم عمر بچوں کیلئے سوشل میڈیا پر پابندی کا خیال پیش کیا تھا، تاہم منگل کو انہوں نے پانچ نکاتی پالیسی پیکج کے تحت اس منصوبے کی تفصیلات بیان کیں، جسے آئندہ ہفتے سے منظور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

تاہم اسپین کی اتحادی حکومت کے پاس پارلیمانی اکثریت نہیں، جس کے باعث قانون سازی کا عمل مشکل ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا دسمبر میں دنیا کا پہلا ملک بن چکا ہے جہاں فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سمیت کئی بڑے پلیٹ فارمز پر کم عمر نوجوانوں کیلئے پابندی عائد کی گئی۔ فرانس اور پرتگال بھی ایسے اقدامات پر غور کر رہے ہیں، جبکہ اسپین نے ڈنمارک، یونان اور فرانس کے ساتھ مل کر یورپی یونین میں مشترکہ قانون سازی کیلئے مہم کی قیادت سنبھال لی ہے۔

پاکستان