اگر آپ سفر پر ہیں تو اپنے دوستوں اور خاندان والوں کو اپنی لائیو لوکیشن سے اپ ڈیٹ رکھنا آج کے دور میں نہایت آسان اور محفوظ طریقہ بن چکا ہے۔ گوگل میپس کی مدد سے آپ اپنی موجودہ لوکیشن شیئر کر سکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر اس کا دورانیہ اور وصول کنندہ بھی کنٹرول کر سکتے ہیں۔
سب سے پہلے اپنے اسمارٹ فون میں گوگل میپس ایپ کھولیں اور اپنی پروفائل تصویر یا آئیکن پر ٹیپ کریں۔ اس کے بعد مینو میں موجود لوکیشن شیئرنگکے آپشن پر کلک کریں۔ شیئرنگ کے لیے آپ 15 منٹ، 1 گھنٹہ، 2 گھنٹے یا ہمیشہ کے لیے وقت طے کر سکتے ہیں، اور جس کے ساتھ لوکیشن شیئر کرنی ہے، اس کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ گوگل آپ کے کچھ سجیسٹڈ کانٹیکٹس بھی دکھائے گا۔ اگر کوئی مخصوص دوست یا فیملی ممبر نہ ہو تو آپ مور آپشنز کے ذریعے واٹس ایپ یا دیگر سوشل میڈیا پر بھی لوکیشن کا لنک شیئر کر سکتے ہیں۔
اگر کبھی بھی آپ لوکیشن شیئرنگ بند کرنا چاہیں یا شیئرنگ کا وقت بڑھانا یا کم کرنا چاہیں، تو بس اسٹاپ بٹن پر کلک کریں۔ اس طرح آپ اپنی لوکیشن پر مکمل کنٹرول رکھ سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنی لائیو لوکیشن صرف قابل اعتماد اور جاننے والے افراد کے ساتھ شیئر کریں اور پبلک پلیٹ فارمز پر کبھی بھی پوسٹ نہ کریں۔ ہمیشہ شیئرنگ کے لیے وقت کی حد مقرر کریں تاکہ لوکیشن مستقل طور پر ظاہر نہ ہو۔ اس کے علاوہ گوگل میپس اور گوگل اکاؤنٹ کو اپ ڈیٹ رکھنا زیادہ سے زیادہ حفاظتی فیچرز کے لیے ضروری ہے۔
یہ طریقہ نہ صرف آپ کی حفاظت میں مددگار ہے بلکہ دوستوں اور خاندان کو یہ اعتماد دیتا ہے کہ آپ سفر یا غیر محفوظ جگہ پر ہیں تو وہ آپ تک پہنچ سکتے ہیں۔











