اہم ترین

پاک بھارت میچ 15 فروری کو ہی ہوگا: بھارتی میڈیا کا دعویٰ

بھارتی میڈیا نےدعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ پاک–بھارت میچ 15 فروری 2026 کو کولمبو میں طےشدہ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہونے والے پاکستان کرکٹ بورڈ، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں پاکستان نے آئی سی سی کے سامنے اپنے مؤقف اور تحفظات واضح طور پر رکھے، جن میں آئی سی سی ریونیو میں پاکستان کے حصے میں اضافے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔

آئی سی سی نے پاکستان کی اس درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس وقت آئی سی سی آمدن میں پاکستان کا حصہ 5.75 فیصد بتایا جاتا ہے۔

اجلاس میں بنگلا دیش کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی، جہاں آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے باوجود بنگلہ دیش کو معاوضہ دینے پر آمادگی ظاہر کی۔ ممکنہ طور پر بنگلا دیش کو انڈر 19 ورلڈ کپ یا ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی دی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ سیریز 2012 کے بعد سے نہیں کھیلی جا رہی۔ پاکستان کی جانب سے دوطرفہ کرکٹ بحال کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا، تاہم آئی سی سی نے واضح کیا کہ دو ممالک کے درمیان سیریز کا فیصلہ اس کے دائرہ اختیار میں شامل نہیں۔

ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاک بھارت مقابلہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا، جس پر دونوں بورڈز کے درمیان پہلے ہی اتفاق رائے موجود ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کرکٹ کو سیاست سے بالاتر رکھ کر کھیل کے فروغ کو ترجیح دی جائے گی۔

پاکستان