واٹس ایپ نے گوگل پلے بیٹا پروگرام کے تحت اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نیا اپڈیٹ جاری کر دیا ہے، جس کا ورژن 2.26.6.1 ہے۔ اس اپڈیٹ کے ساتھ ہی یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ واٹس ایپ مستقبل میں ایپ کو صارف کی مرضی کے مطابق بنانے کے لیے نئے پریمیم فیچرز متعارف کرانے پر کام کر رہا ہے۔
ویبیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ کے نئے فیچرز کے تحت صارفین نا صرف واٹس ایپ کا تھیم اور آئیکن تبدیل کر سکیں گے بلکہ ایپ کے برانڈنگ اور ایکسنٹ کلر پر بھی مکمل کنٹرول حاصل ہوگا۔ یہ سہولتیں آئندہ اپڈیٹس میں متعارف کرائی جائیں گی۔
واٹس ایپ اس سے قبل آئی او ایس پر مرکزی رنگ تبدیل کرنے کا فیچر متعارف کرانے پر غور کر رہا تھا، تاہم اسے غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کر دیا گیا تھا۔ اب یہی آئیڈیا ایک نئے اور زیادہ جامع انداز میں اینڈرائیڈ پر واپس آ رہا ہے، جہاں صارفین کو مزید رنگ اور ڈیزائن کے اختیارات دیے جائیں گے۔
اینڈرائیڈ بیٹا اپڈیٹ میں سامنے آنے والے اسکرین شاٹس کے مطابق واٹس ایپ دو بڑے پریمیم کسٹمائزیشن فیچرز پر کام کر رہا ہے۔ پہلے فیچر کے تحت صارفین کو ایپ کے لیے 14 نئے آئیکنز میں سے انتخاب کی سہولت ملے گی۔
ان میں ارورا، فلوفی ، گلیکسی، کلے، اسپارکل اور نیون جیسے منفرد اور جدید ڈیزائن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ہی رنگ پر مبنی آئیکنز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں، جن میں براؤن، جامنی، نارنجی، سبز، نیلا، گلابی اور مونوکروم شامل ہیں۔ صارفین چاہیں تو واٹس ایپ کے کلاسک آئیکن پر بھی واپس جا سکیں گے۔
دوسرا اہم فیچر ایپ کے مرکزی رنگ کو تبدیل کرنے سے متعلق ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین 19 مختلف رنگوں میں سے اپنی پسند کا رنگ منتخب کر سکیں گے، جن میں روایتی سبز کے علاوہ نیوی بلیو، جامنی، گرے، مرون، پیلا، سرخ، نارنجی، گولڈن یلو اور دیگر رنگ شامل ہیں۔ رنگ تبدیل کرنے سے ایپ کے فلٹرز، ٹیبز، فلوٹنگ بٹن اور دیگر انٹرفیس عناصر بھی اسی رنگ میں نظر آئیں گے، جس سے استعمال کا تجربہ مزید بہتر ہو جائے گا۔











