اہم ترین

سرمائی اولمپکس میں تمغہ جیتنے کے بعد ایتھلیٹ کا ٹی وی پر اعترافِ بے وفائی

کھلاڑی اکثر اپنی کامیابیاں اپنے پیاروں کے نام کرتے ہیں۔ لیکن سرمائی اولمپکس کے دوران ایک ایتھلیٹ نے گرل فرینڈ سے بے وفائی کا اعتراف کر کے سب کو حیران کر دیا۔

اے ایف پی کے مطابق سرمائی اولمپکس میں ناروے کے بائی ایتھلیٹ اسٹرلا ہولم لیگرید نے کانسی کا تمغہ جیتنے کے فوراً بعد براہِ راست ٹیلی وژن پر ایسا اعتراف کیا جس نے کھیلوں کی دنیا میں ہلچل مچا دی۔ 28 سالہ کھلاڑی نے انٹرویو کے دوران آبدیدہ ہو کر اپنی گرل فرینڈ سے بے وفائی کا اعتراف کیا۔

چینل این آر کے نامی مقامی نیوز چینل سے گفتگو میں لیگرید نے کہا کہ چھ ماہ قبل انہیں اپنی زندگی کی محبت ملی، مگر تین ماہ بعد انہوں نے اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کر دی۔ حالیہ ہفتے ان کی زندگی کے بدترین دن تھے، ذاتی مسائل کے باعث کھیل پسِ منظر میں چلا گیا۔

اگلے روز ان کی گرل فرینڈ نے مقامی اخبار وردنز گانگ سے ردعمل میں کہا کہ دنیا کے سامنے محبت کے اظہار کے باوجود معاف کرنا آسان نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس صورتحال کے لیے تیار نہیں تھیں اور یہ سب ان کے لیے تکلیف دہ ہے۔

ادھر اسی مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتنے والے ناروے کے بائی ایتھلیٹ جوہان اولاو بوٹن نے اپنی فتح مرحوم ساتھی کھلاڑی سیورٹ باکن کے نام کر دی۔ فِنش لائن عبور کرتے وقت انہوں نے آسمان کی طرف دیکھ کر چند لمحے خاموشی اختیار کی۔ بوٹن نے کہا کہ آخری چکر میں انہیں یوں محسوس ہوا جیسے وہ اپنے دوست کے ساتھ اس دوڑ کو مکمل کر رہے ہوں۔

لیگرید نے بعد میں کہا کہ انہیں افسوس ہے اگر ان کے اعتراف نے ساتھی کھلاڑی کی خوشی کو متاثر کیا۔ ناروے کے سابق اسٹار بائی ایتھلیٹ یوانس تھنگنیس بوئے کے مطابق یہ اعتراف غلط وقت اور غلط موقع پر سامنے آیا۔

پاکستان