اہم ترین

ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائیٹ ڈانس کی اے آئی میدان میں انٹری

دنیا بھر میں مقبول ویڈیو ایپ ٹک ٹاک کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی چینی ٹیکنالوجی کمپنی بائیٹ ڈانس اب تیزی سے ترقی کرتی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی دنیا میں خود کو ایک بڑے کھلاڑی کے طور پر منوا رہی ہے۔

بیجنگ میں قائم کمپنی گزشتہ کئی برسوں سے ٹک ٹاک کے حوالے سے قانونی اور پرائیویسی تنازعات کا سامنا کر رہی ہے، تاہم اسی دوران اس کی ٹیم جدید اے آئی مصنوعات کی تیاری میں مصروف رہی۔ ان مصنوعات میں چین کا سب سے مقبول اے آئی چیٹ بوٹ ڈوباؤشامل ہے، جس کے یومیہ صارفین کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔

ڈوباؤ اس وقت دنیا میں اے آئی سوالات پر کارروائی کرنے والے بڑے پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے، جہاں اس کا موازنہ اوپن اے اور گوگلجیسے عالمی اداروں سے کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ بائٹ ڈانس کے جدید ویڈیو جنریٹر سی ڈانس2.0 نے بھی عالمی سطح پر توجہ حاصل کی ہے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو لیانگ روبو کے مطابق اے آئی مستقبل میں ویب سرچ سے بھی زیادہ اہم ایپلی کیشن بن سکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک پر بڑھتے ہوئے سیاسی اور ریگولیٹری دباؤ نے بائٹ ڈانس کو سوشل میڈیا سے آگے بڑھ کر اے آئی پر توجہ دینے پر مجبور کیا۔

یورپی کمیشن نے حال ہی میں ٹک ٹاک کے لت لگادینے والے فیچر پر اعتراض کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی پر کمپنی پر عالمی آمدن کا چھ فیصد تک جرمانہ عائد ہو سکتا ہے۔ اسی طرح امریکا میں بھی ڈیٹا سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹک ٹاک کو پابندیوں کا سامنا رہا، جس کے بعد جنوری میں ایک اکثریتی امریکی شراکت داری کے تحت اس کا نیا انتظامی ڈھانچہ قائم کیا گیا۔

بائٹ ڈانس 2024 میں امریکی چِپ ساز کمپنی این ویڈیاکا سب سے بڑا چینی صارف رہا، جبکہ 2026 میں اے آئی انفراسٹرکچر اور مائیکروچپس پر اربوں ڈالر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق بائٹ ڈانس چین میں ٹینسینٹ اور علی بابا جیسے اداروں کے ساتھ سخت مقابلے کا سامنا کر رہا ہے، جنہوں نے بھی اپنے چیٹ بوٹس کی بھرپور تشہیر شروع کر رکھی ہے۔

ڈوباؤ کی بین الاقوامی ٹیم کی قیادت اب الیکس ژو کر رہے ہیں، جو میوزیکل ڈاٹ ایل وائے کے شریک بانی رہ چکے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ بائٹ ڈانس ٹک ٹاک جیسی عالمی کامیابی اے آئی کے شعبے میں دہرانا چاہتا ہے، لیکن ڈیٹا گورننس، جغرافیائی سیاست اور منافع کمانا اس کے لیے بڑے چیلنجز ثابت ہو سکتے ہیں۔

پاکستان