پاکستانی کرکٹر سلمان علی آغا کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر باضابطہ طور پر سرزنش کر دی گئی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے یہ کارروائی بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد کی۔
آئی سی سی کے مطابق سلمان علی آغا پر کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ آؤٹ ہونے کے بعد غصے میں اپنے بیٹنگ گلوز اور ہیلمٹ زمین پر پھینکتے ہوئے نظر آئے۔
اس رویے پر آئی سی سی نے ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ کرتے ہوئے باضابطہ سرزنش کی سزا سنائی۔ میچ ریفری نعم الراشد رحول کی جانب سے تجویز کردہ سزا کو کھلاڑی نے قبول کر لیا، جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
یہ چارج آن فیلڈ امپائرز ایڈرئین ہولڈ اسٹاک اور تنویراحمد نے عائد کیا جبکہ تھرڈ امپائر کمارادھرماسینا اور فورتھ امپائر مسعود الرحمان مکل بھی کارروائی کا حصہ تھے۔










