اہم ترین

حکومت کا قومی توانائی کے تحفظ اور رسد بلا تعطل برقرار رکھنے کا عزم

پیٹرول کی قیمتوں اور سپلائی کی نگرانی کے لیے قائم حکومتی کمیٹی نے قومی توانائی کے تحفظ اور رسد بلا تعطل برقرار رکھنے کےعزم کا اظہار کیا ہے۔

خطے میں بڑھتی کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر پیٹرول کی قیمتوں اور سپلائی کی نگرانی کے لیے قائم حکومتی کمیٹی کا اہم اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں ملک بھر میں خام تیل اور صاف شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ ذخائر، جاری درآمدی انتظامات اور سپلائی چین لاجسٹکس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس وقت متعدد تیل بردار کارگوز پاکستان کی جانب رواں دواں ہیں جبکہ قومی ذخائر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اضافی کھیپوں کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں کمیٹی نے پیٹرولیم ذخائر مناسب سطح پر ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سپلائی اور منصوبہ بند درآمدات آئندہ ہفتوں میں ملکی طلب کو پورا کرنے کے لیے کافی ہوں گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنانا ہے اور عوام پر بوجھ کو ممکنہ حد تک کم رکھا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی منڈیوں میں نمایاں اتار چڑھاؤ کے باوجود پیشگی منصوبہ بندی اور متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطے کے باعث پاکستان میں سپلائی کی صورتحال مستحکم ہے۔ کمیٹی بین الاقوامی منڈیوں، ملکی ذخائر اور سپلائی چین کی صورتحال کی روزانہ بنیاد پر نگرانی جاری رکھے گی۔

اجلاس میں ڈیزل، پیٹرول، جیٹ فیول اور ایل پی جی کی سپلائی سے متعلق صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ ایندھن کے محتاط استعمال اور طلب کے بہتر انتظام کے لیے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ حکومت نے قومی توانائی کے تحفظ اور سپلائی چین کو بلا تعطل برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان