کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا کے مطابق کوہاٹ کے تھانہ لاچی کی حدود میں کارروائی کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگرد گھات لگا کر بیٹھے تھے اور آپریشن ٹیم کے پہنچتے ہی حملہ کر دیا، جس کا مؤثر جواب دیا گیا۔ حملے کی اطلاعات پر کوہاٹ پولیس کے جوان بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور شدت پسندوں کا مقابلہ کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ ختم ہونے کے فوراً بعد علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن شروع کیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران جائے وقوعہ سے چھ شدت پسندوں کی لاشیں ملیں۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک شدت پسندوں کی تلاشی کے دوران ان کے قبضے میں موجود چار دستی بم، 6 ایس ایم جی رائفلز اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔









