اہم ترین

آبنائے ہرمز میں کشیدگی کا سبب امریکا اور اسرائیل ہیں، ایران

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھانے سے گریز کرے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق عباس عراقچی نے فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں ایران پر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جاری جنگ اور اس کے خطے پر اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے ٹیلیگرام پر جاری بیان کے مطابق عباس عراقچی نے کہا کہ خطے اور آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی عدم استحکام کی واحد وجہ امریکا اور اسرائیل کے اقدامات ہیں۔

انہوں نے مختلف ممالک پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورتحال میں ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو کشیدگی میں مزید اضافہ کا سبب بن سکتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور تہران کی فوجی کارروائیاں صرف حملہ آوروں کے فوجی اڈوں تک محدود ہیں، انہیں خطے کے دیگر ممالک کے خلاف کارروائی نہ سمجھا جائے۔

عباس عراقچی نے یہ بھی کہا کہ لبنان میں پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب اسرائیل کی جانب سے حملے بند ہوں۔

پاکستان