اہم ترین

صحافت سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ کے قواعد کالعدم قرار، پینٹاگون میں میڈیا دفاتر بند

امریکی محکمہ دفاع نے ایک اہم اور چونکا دینے والا فیصلہ کرتے ہوئے پینٹاگون میں قائم میڈیا دفاتر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ اُس وقت سامنے آیا جب ایک ضلعی عدالت نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے متنازعہ پریس کریڈینشل قوانین کو کالعدم قرار دے دیا۔

اے ایف پی کے مطابق امریکا میں گزشتہ برس نئے قواعد متعارف کرائے گئے تھے، جن کے تحت صحافیوں کو پریس کارڈ حاصل کرنے کے لیے ایک دستاویز پر دستخط کرنا لازمی تھا، جس میں یہ یقین دہانی کرانا ہوتی تھی کہ وہ خفیہ معلومات شائع نہیں کریں گے اور نہ ہی پینٹاگون کی اجازت کے بغیر کسی معلومات کے حصول کی کوشش کریں گے۔

معروف امریکی اخبار “دی نیویارک ٹائمز” نے ان قواعد کے خلاف عدالت سے رجوع کیا، مؤقف اختیار کیا گیا کہ یہ قوانین آزادیٔ اظہار کے بنیادی حق کے منافی ہیں۔ عدالت نے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ان قواعد کو مسترد کر دیا۔جس کے بعد پینٹاگون سے میڈیا دفاتر کو بند کردیا گیا ہے۔

پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل کے مطابق تاریخی کوریسپونڈنٹس کاریڈور کو بند کر کے میڈیا دفاتر کو کسی نامعلوم مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت صحافی بدستور پریس کانفرنسز اور انٹرویوز کے لیے پینٹاگون آ سکیں گے، تاہم عمارت کے اندر ان کی نقل و حرکت حکام کی نگرانی میں ہوگی۔

پاکستان