اہم ترین

قومی مفاد سب سے مقدم ہے کوئی لیڈر ملک سے بڑا نہیں: وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ قومی مفاد سب سے مقدم ہے کوئی لیڈر ملک سے بڑا نہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد: عطاء اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کا کردار نمایاں ہو کر سامنے آیا ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا مؤقف موثر انداز میں پیش کیا، جبکہ بھارت ان کوششوں سے پریشان ہے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستان عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور مؤثر آواز بن کر ابھرا ہے، اور جنیوا اجلاس میں بھی غیر معمولی صورتحال دیکھنے میں آئی۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفاد سب سے مقدم ہے اور کوئی بھی سیاسی جماعت یا رہنما ملک سے بڑا نہیں۔ تنقید سب کا حق ہے لیکن ملکی وقار کو نقصان پہنچانا قابل قبول نہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ملک کو ڈیفالٹ کے قریب لایا گیا اور مخالفین نے پاکستان کے ڈیفالٹ کی باتیں کیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو سنبھالا دیا اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو نائیکوپ کے ذریعے پاکستان آنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا، پاکستان کے ڈیفالٹ کی دعائیں کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، ایسی سازشوں کی نہ گنجائش ہے، نہ اس طرح کی کوئی گنجائش چھوڑیں گے، پاکستان ان کی تمام کوششوں کے باوجود مضبوط رہے گا، ان کے اوچھے ہتھکنڈے، بھونڈی حرکتیں پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں، ان کا مکروہ چہرہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔

پاکستان