حکومت نے غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کی باعزت اور محفوظ واپسی کے لیے طورخم بارڈر کو عارضی طور پر کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق واپسی کا عمل 26 مارچ 2026 سے شروع کر دیا گیا ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ اداروں بشمول ایف آئی اے، نادرا ، کسٹمز اور این ایل سی کو مکمل ہم آہنگی اور تیاری کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر لنڈی کوتل، طورخم اور گرد و نواح میں سخت حفاظتی انتظامات نافذ کیے گئے ہیں تاکہ واپسی کے عمل کو ہر ممکن خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مہاجرین کی منتقلی صرف رجسٹرڈ مقامات، خصوصاً حمزہ بابا کیمپ کے ذریعے منظم انداز میں کی جائے گی، جبکہ ابتدائی مرحلے میں نقل و حرکت کو کنٹرول رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی بدانتظامی سے بچا جا سکے۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام قومی سلامتی، سرحدی نظم و ضبط اور امیگریشن قوانین کے مؤثر نفاذ کے ساتھ ساتھ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے عزم کا مظہر ہے، جس میں سکیورٹی فورسز اور سول ادارے مشترکہ کردار ادا کر رہے ہیں۔









