اہم ترین

جرمنی کے ساحل پر پھنسی وہیل کی اپنی مدد آپ کے تحت گہرے سمندر میں واپسی

جرمنی کے بحیرہ بالٹک کے ساحل پر کئی روز تک پھنسے رہنے والی ہیمپ بیک وہیل بالآخر خود کو آزاد کرا کر گہرے پانیوں کی جانب روانہ ہو گئی۔

اے ایف پی کے مطابق 23مارچ کو جرمنی کے شمالی شہر لوبیک کے قریب بحیرہ بالٹک میں تقریباً 10 میٹر لمبی ہیمپ بیک وہیل کم گہرے پانی میں پھنس گئی تھی۔

امدادی ٹیموں نے اسے بچانے کے لیے کئی دن تک بھرپور کوششیں کیں۔ اس دوران کشتیوں کے ذریعے لہریں پیدا کرنے، ریت ہٹانے اور راستہ بنانے جیسے اقدامات کیے تاکہ وہیل کو باہر نکالا جا سکے۔

ماہرِ بحریات رابرٹمارچ لیہمن کے مطابق وہیل نے بالآخر اپنی طاقت استعمال کرتے ہوئے خود کو آزاد کر لیا۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ جانور اب بھی شدید بیمار ہے اور اسے اپنے اصل مسکن، بحرِ اوقیانوس تک پہنچنے کے لیے طویل سفر درپیش ہے۔

ماہرین کے مطابق وہیل پہلے مچھلی کے جال میں پھنسی ہوئی تھی، جس کا بیشتر حصہ ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ اسے جلدی بیماری کا بھی سامنا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اب بھی فاصلے سے اس کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ اسے محفوظ راستے سے قطب شمالی کے ذریعے بحرِ اوقیانوس تک پہنچنے میں مدد دی جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ وہیل ابھی کمزور ہے اور اس کی حرکت غیر معمولی (زگ زیگ) ہے، جس کے باعث اس کے دوبارہ پھنسنے کا خطرہ موجود ہے۔ تاہم ریسکیو آپریشن میں شامل رضاکاروں نے اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہیل محفوظ طریقے سے اپنے قدرتی مسکن تک پہنچ جائے گی۔

پاکستان