جرمنی کے وزیر خارجہ یوہان واڈے فیہول نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا عمل شروع ہو چکا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے نمائندوں کی براہِ راست ملاقات جلد متوقع ہے جو ممکنہ طور پر پاکستان میں ہوگی۔
جرمن نیوز ویب سائیٹ ڈی ڈبلیو کے مطابق ایک انٹرویو میں یوہان واڈے فیہول نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ابتدائی رابطے ہو چکے ہیں۔۔ جس کے بعد اب باضابطہ ملاقات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت خوش آئند ہے اور مذاکرات کا آغاز ایک مثبت قدم ہے۔
جرمن وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو جی 7 ممالک کے فرانس میں ہونے والے آئندہ وزرائے خارجہ اجلاس میں مزید تفصیلات سامنے لا سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں امریکا نے جرمنی سے کسی خاص تعاون کی درخواست نہیں کی، تاہم جرمنی نے خود تعاون کی پیشکش کر رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے کے بعد جرمنی آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے کردار ادا کرنے پر غور کر سکتا ہے، لیکن اس کے لیے پہلے تنازع کا خاتمہ ضروری ہے۔










