اہم ترین

حمزہ علی عباسی کا بہن فضیلہ عباسی کے منی لانڈرنگ کیس سے اعلان لاتعلقی

اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنی بہن فضیلہ عباسی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کا نام اس مقدمے سے منسلک نہ کیا جائے۔

سوشل میڈیا پر جاری وضاحتی بیان میں حمزہ علی عباسی نے واضح کیا کہ بعض حلقوں کی جانب سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ بھی اس کیس کا حصہ ہیں، جو کہ سراسر غلط ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ وہ کسی بھی تحقیقاتی ادارے کی تفتیش میں شامل نہیں اور نہ ہی اس معاملے سے ان کا کوئی تعلق ہے۔

اداکار نے اپنی بہن کے حق میں کھل کر حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی ایک باصلاحیت اور تجربہ کار پروفیشنل ہیں جن کا کیریئر نمایاں کامیابیوں پر مشتمل ہے۔ ان کے مطابق، اس معاملے میں یکطرفہ تاثر کے بجائے اُن کا مؤقف بھی سامنے آنا ضروری ہے۔

حمزہ علی عباسی نے مزید کہا کہ وہ پاکستانی اداروں سے شفاف اور منصفانہ تحقیقات کی توقع رکھتے ہیں تاکہ حقیقت واضح ہو سکے، جبکہ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ قانونی طور پر وہ اس کیس کے فریق نہیں، اس لیے ان سے کسی قسم کے تبصرے کی امید نہ رکھی جائے۔

دوسری جانب کیس میں پیش رفت کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی جانب سے مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے، جبکہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ان کی ممکنہ گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

تحقیقات کے مطابق ملزمہ پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی ذرائع سے بڑی رقوم بیرونِ ملک منتقل کیں۔ رپورٹ میں 22 بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کے لین دین کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے، جبکہ عدالت نے بعض پہلوؤں پر تحقیقات جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے شفاف قانونی عمل کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔۔

پاکستان