بھارتی ٹی وی کےمعروف رئیلٹی شو Indian Idol 16 میں بالی ووڈ کی دو معروف اداکاراؤں فریدہ جلال اور ارونا ایرانی کی ملاقات نے سب کو حیران کردیا۔اس میں حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ دونوں اداکاررئیں ایک ہی شہر اور شعبے سے تعلق رکھنے کے باوجود 29 سال تک مل ہی نہیں پائی تھیں۔
انڈین آئیڈل کے دوران ارونا ایرانی نے انکشاف کیا کہ ان کی فریدہ جلال سے ملاقات نہیں ہو پائی۔ اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ دونوں کو فلموں میں اکثر ایک جیسے کردار آفر ہوتے تھے، اور فلمساز کسی ایک کو ہی منتخب کرتے تھے۔ اسی وجہ سے نہ صرف دونوں نے کم ساتھ کام کیا بلکہ ملاقات کا موقع بھی نہیں ملا۔
شو میں جب فریدہ جلال کو ان کی پرانی فلموں کی جھلکیاں دکھائی گئیں تو وہ جذباتی ہو گئیں۔ انہوں نے اپنے فلمی سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وقت بہت تیزی سے گزر گیا۔ دوسری جانب ارونا ایرانی نے بھی کہا کہ اتنے سال بعد ملنا ان کے لیے بہت خاص لمحہ ہے۔
فریدہ جلال نے ایک دلچسپ بات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ فلم بوبی کے دوران ارونا ایرانی کا ڈانس دیکھ کر وہ حیران رہ جاتی تھیں کیونکہ وہ بہت جلدی ڈانس کے اسٹیپس سیکھ لیتی تھیں۔
دونوں اداکاراؤں نے بعد میں فلم ’او رومیو‘ میں بھی کام کیا، لیکن تب بھی ان کی ملاقات نہیں ہو سکی۔ آخرکار انڈین آئیڈل کے اسٹیج نے انہیں 29 سال بعد ایک ساتھ لا کھڑا کیا، جو نہ صرف ان کے لیے بلکہ مداحوں کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ بن گیا۔










