سوئٹزرلینڈ کی معروف فوڈ کمپنی نیسلے نے انکشاف کیا ہے کہ اس کے مشہور برانڈ کٹ کیٹ کی بڑی کھیپ یورپ میں دورانِ ترسیل چوری ہو گئی ہے، جس کے باعث عیدِ ایسٹر سے قبل مارکیٹ میں قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق چاکلیٹ سے بھرا ایک ٹرک، جس میں تقریباً 4 لاکھ سے زائد کٹ کیٹ بارز موجود تھیں، گزشتہ ہفتے یورپ میں ایک مقام سے دوسرے مقام تک جاتے ہوئے غائب ہو گیا۔ اس کھیپ کا مجموعی وزن تقریباً 12 ٹن بتایا جا رہا ہے۔
یہ ٹرک وسطی اٹلی سے روانہ ہو کر پولینڈ جا رہا تھا، جہاں راستے میں مختلف ممالک میں چاکلیٹس کی ترسیل بھی متوقع تھی۔ تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ واقعہ کس مقام پر پیش آیا۔
کٹ کیٹ کے ترجمان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ کمپنی ہمیشہ لوگوں کو بریک لینے کا مشورہ دیتی ہے، مگر لگتا ہے چوروں نے اس پیغام کو کچھ زیادہ ہی سنجیدگی سے لے لیا۔
کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ چوری شدہ چاکلیٹس غیر قانونی مارکیٹس میں فروخت ہو سکتی ہیں، جبکہ صارفین کو اپنی پسندیدہ چاکلیٹ ایسٹر کے موقع پر کم دستیاب ہو سکتی ہے۔
حکام اور کمپنی مشترکہ طور پر تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ چاکلیٹ بارز پر موجود مخصوص کوڈز کے ذریعے ان کی شناخت ممکن بنائی جا رہی ہے تاکہ چوری شدہ سامان کا سراغ لگایا جا سکے۔










