دنیا بھر میں انگزائیٹی اور ڈپریشن جیسی ذہنی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے کیسز کے درمیان ایک نئی تحقیق میں کافی پینے کو ذہنی صحت کے حوالے سے فائدہ مند قرار دیا گیا ہے۔
جرنل آف افیکٹیو ڈس آرڈرز نامی جریدے میں فودان یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی تحقیق شائع ہوئی ہے۔ اس تحقیق میں برطانیہ کے سرکاری ادارے یو کے بائیو بینک سے 4 لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا اور ان پر اوسطاً 13 سال تک جائزہ لیا گیا۔ تحقیق کے آغاز پر تمام افراد ذہنی بیماریوں سے پاک تھے۔
نتائج کے مطابق روزانہ 2 سے 3 کپ کافی پینے والے افراد میں ڈپریشن اور بے چینی جیسے مسائل کا خطرہ سب سے کم دیکھا گیا۔ ماہرین نے اسے جے شیپڈ تعلق قرار دیا، جس کے تحت نہ کافی پینے والے اور بہت زیادہ کافی پینے والے افراد میں خطرہ نسبتاً زیادہ پایا گیا۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ روزانہ 5 یا اس سے زیادہ کپ کافی پینے سے ذہنی مسائل کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، کیونکہ زیادہ کیفین بے چینی، نیند کی خرابی اور ذہنی دباؤ میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔
ماہر نفسیات ٹام میکلارن کے مطابق معتدل مقدار میں کافی توجہ، توانائی اور موڈ بہتر بناتی ہے، جبکہ زیادہ مقدار اس کے الٹ اثرات پیدا کر سکتی ہے۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج تعلق کو ظاہر کرتے ہیں، براہ راست وجہ کو ثابت نہیں کرتے، اس لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔


