وٹوز اور ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر امریکا میں مقیم اداکارہ ریما خان نے ایک اہم اور گہرا پیغام شیئر کیا ہے، جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی، تاہم انہوں نے اپنے بیان میں کسی بھی فرد کا نام نہیں لیا۔
شیئر کی گئی ویڈیو میں ریما خان نے کہا کہ زندگی نے انہیں کئی سبق سکھائے، لیکن ایک اہم بات جو انہوں نے دل سے سمجھی وہ یہ ہے کہ ہر جھگڑا لڑنے کے قابل نہیں ہوتا، ہر بحث انسان کی عزت میں اضافہ نہیں کرتی اور ہر شخص توجہ کا مستحق نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسان کو یہ سیکھنا چاہیے کہ کب خاموش رہنا ہے اور کب بات کرنی ہے، جبکہ کچھ فیصلے وقت پر چھوڑ دینا بہتر ہوتا ہے۔ ان کے مطابق اپنی توانائی کو غیر ضروری لوگوں اور معاملات پر ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ بعض اوقات خاموشی ہی سب سے مضبوط جواب ہوتی ہے، کیونکہ یہ انسان کو سکون دیتی ہے، گہرائی سے سوچنے کا موقع فراہم کرتی ہے اور غیر ضروری شور سے بلند کر دیتی ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر ریما خان نے کہا کہ خاموشی کمزوری نہیں بلکہ ایک طاقت ہے، جو اس وقت بولتی ہے جب الفاظ اپنا اثر کھو دیتے ہیں۔










