اہم ترین

ایران جنگ چھٹے ہفتے میں داخل : ٹرمپ کی پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

اسرائیل اور امریکا کے حملے کے بعد ایران جنگ چھٹے ہفتے میں داخل ہوگئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اب ایران میں پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی ہے۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ترمپ نے ایران کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کا عندیہ دیتے ہوئے اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل امریکی فضائی حملوں میں کرج اور تہران کو ملانے والے ایک اہم پل کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایرانی حکام کے مطابق کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکی فوج نے ابھی تک ایران میں موجود باقی تنصیبات کو تباہ کرنا شروع بھی نہیں کیا، اور آئندہ اہداف میں پلوں کے بعد بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس شامل ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی قیادت صورتحال سے بخوبی آگاہ ہے اور اسے فوری فیصلے کرنا ہوں گے، بصورت دیگر حملوں میں مزید شدت لائی جائے گی۔

صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد بار ایران کو خبردار کر چکے ہیں کہ اگر جنگ کے خاتمے کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو امریکی کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔

دوسری جانب ابو ظہبی میں فضا میں ناکارہ بنائے گئے ایک میزائل کا ملبہ حبشان گیس پلانٹ کے مقام پر گرا، جس کے بعد آگ لگ گئی اور حکام نے آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا۔

کویت میں ایک حملے کے نتیجے میں ڈی سیلینیشن (نمکین پانی کو پینے کے قابل بنانے والے) پلانٹ اور ایک بجلی گھر کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا ہے۔

پاکستان