اہم ترین

امریکی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل رینڈی جارج جبری ریٹائر

امریکی فوج کے چیف آف سٹاف جنرل رینڈی جارج کو مبینہ طور پر عہدے سے ریٹائر کر دیا گیا ہے، جس کی تصدیق پینٹاگون کے ترجمان سین پارنیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کی۔

سین اپرنیل کے مطابق جنرل رینڈی جارج فوری طور پر امریکی فوج کے 41ویں چیف آف اسٹاف کے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں، تاہم اس فیصلے کی کوئی واضح وجہ سامنے نہیں لائی گئی۔ پینٹاگون نے ان کی دہائیوں پر محیط خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال میں مصروف ہے، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ اس تنازع کے مزید طویل ہونے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگ سیتھ فوجی قیادت میں ایسی تبدیلی چاہتے تھے جو حکومت کی پالیسیوں اور صدر کے وژن کو بہتر انداز میں عملی جامہ پہنا سکے۔

امریکی وزیر دفاع حالیہ مہینوں میں متعدد سینئر فوجی افسران کو عہدوں سے ہٹا چکے ہیں، جس سے فوجی قیادت میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔

جنرل رینڈی جارج تقریباً 40 سالہ فوجی کیریئر کے دوران کئی بار افغانستان اور عراق میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ وہ سابق امریکی انتظامیہ میں وزیر دفاع کے سینئر ملٹری اسسٹنٹ کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔

پاکستان