اہم ترین

ٹرمپ کی ایران کو پھر دھمکی:آبنائے ہرمز پر تیل کی روانی روکنے کا الزام،

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل میں رکاوٹ ڈال رہا ہے اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جس سے خطے میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے باوجود عالمی تیل کی سپلائی کے لیے دنیا کی اہم ترین آبی گزر گاہ آبنائے ہرمز جنگ بندی کے باوجود مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی۔ جنگ بندی کے بعد اب تک صرف 10 بحری جہاز اس راستے سے گزر سکے ہیں۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں امریکی صدر نےکہا کہ ایران انتہائی ناقص اور غیر ذمہ دارانہ طریقے سے آبنائے ہرمز میں تیل کی آمدورفت کو کنٹرول کر رہا ہے۔تیل کی ترسیل بہت جلد شروع ہو جائے گی، ایران کی مدد کے ساتھ یا اس کے بغیر۔

ایران کی جانب سے جہازوں پر ٹول ٹیکس عائد کرنے کی خبروں پر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کی جانب سے ٹول ٹیکس لیا جارہا ہے تو اسے فوراً بند کیا جائے!

ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھردھمکی دی کہ اگر ایران نے معاہدے کی پاسداری نہ کی تو نتائج انتہائی تکلیف دہ ہوں گے۔

جنگ بندی کے باوجود آبنائے ہرمز کی صورتحال اور ایران-امریکہ بیانات نے واضح کر دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن اب بھی نازک دھاگے سے بندھا ہوا ہے اور کسی بھی لمحے حالات دوبارہ بگڑ سکتے ہیں۔

پاکستان