پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے 16ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو آؤٹ کلاس کرکے 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیشنل بینک کرکٹ ارینا کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز کا کوئی بھی بیٹر جم کر نہ کھیل سکا۔ ٹیم کے 7 کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی نہ پہنچ سکے۔ سکندر رضا 25 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حسیب اللّٰہ 19 اور آصف علی 15 رن بنا سکے۔
کرس گرین کی 3 جب کہ رچرڈ گلیسن، عماد وسیم اور شاداب خان کی دو دو وکٹوں نے لاہور قلندرز کو صرف 100 رنز تک ہی محدود کردیا۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 11ویں اوور میں صرف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔
یونائیٹڈ کے ڈیون کونوے نے 59 اور محمد فائق نے 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں۔ لاہورقلندرز کی جانب سے واحد وکٹ شاہین آفریدی نے لی۔










