امریکا اسرائیل اتحاد اور ایران کے درمیان جنگ بندی تو ہوگئی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ایک نئی جنگ چھڑ گئی ہے اور یہ جنگ ہتھیاروں سے نہیں بلکہ میمز اور اے آئی ویڈیوز سے ہورہی ہے۔ جن میں ٹرمپ کا بھرپور مذاق اڑایا جارہا ہے۔
ایران کے موقف کے حامی گروپ ایکسپلوزیو میڈیا نے لیگو اسٹائل میں ایسی ویڈیوز جاری کیں جن میں ٹرمپ کو طنزیہ انداز میں دکھایا گیا ہے۔
ایک ویڈیو میں ٹرمپ جیسا کردار خوفزدہ دکھایا گیا۔ ایرانی حکام ایک بٹن دباتے ہیں اور تباہی پھیل جاتی ہے۔ اس کے ساتھ تحریر ہے کہ ٹرمپ نے ہتھیار ڈال دیئے ، ایران جیت گیا۔
ایک اور میم میں ٹرمپ کو مضحکہ خیز انداز میں دکھایا گیا جس میں وہ تختی اٹھائے ہوئے ہیں کہ فتح! میں شکست خوردہ ہوں۔
ویڈیوز میں ٹرمپ کے لیے ٹاکو (ٹرمپ آلویز چکن آؤٹ) کا لفظ بھی استعمال کیا گیا، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
ماہرین کے مطابق ایران کے حامیوں نے اے آئی سے بنے سستے مگر وائرل مواد کو ہتھیار بنا لیا ہے۔ یہ ویڈیوز جذباتی، متنازع اور توجہ حاصل کرنے والی ہوتی ہیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے بھی فلمی کلپس جیسے آئرن مین اور ٹاپ گن کے فلمی سین استعمال کر کے اپنی سوشل میڈیا مہم چلائی۔ایران کے حامی ٹرولز ٹرمپ کی حکمت عملی کو اس کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔











