بھارتی میڈیا کے مطابق آشا بھوسلے گزشتہ چند دنوں سے علیل تھیں اور ممبئی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ وہیں انہوں نے آخری سانس لی۔ان کے کئی اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔
آشا بھوسلے کی وفات سے بھارتی فلم اور موسیقی کی دنیا میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے تقریباً 8 دہائیوں تک اپنے فن کے ذریعے شائقین کے دلوں پر راج کیا اور عالمی سطح پر بھارت کا نام روشن کیا۔
ان کی آخری رسومات ممبئی کے دادا شیواجی پارک شمشان گھاٹ میں ادا کی جائیں گی۔
آشا بھوسلے نے کم عمری میں ہی گلوکاری کا آغاز کیا اور اپنی بڑی بہن لتا منگھیشکر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ انہوں نے اپنے طویل کیریئر میں مختلف زبانوں میں تقریباً 12 ہزار گانے گائے۔
انہیں موسیقی کے میدان میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں بھارت کا اعلیٰ اعزاز پدم وبھوشن بھی دیا گیا۔
ان کے مشہور گانوں میں دم مارو دم، پردے میں رہنے دو، میرا کچھ سامان، رات اجنبی ہیں۔
آشا بھوسلے کی ذاتی زندگی میں بھی کئی نشیب و فراز آئے۔ انہوں نے پہلی شادی گنپت راؤ بھوسلے سے کی، تاہم بعد میں علیحدگی ہو گئی۔ اس کے بعد انہوں نے معروف موسیقار آر ڈی برمن سے شادی کی۔











