پروگرام ہوسٹ فضا علی کے مارننگ شو میں مبینہ غیر اخلاقی حرکات کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں ایڈووکیٹ محمد نواز ڈاہری نے چیئرمین پیمرا کو باقاعدہ شکایت جمع کرا دی ہے۔
شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مارننگ شو کے دوران میزبان فضا علی اور ان کے شوہر کی جانب سے براہ راست مبینہ طور پر نازیبا اور غیر اخلاقی حرکات کی گئیں، جو پیمرا قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ درخواست گزار نے ان حرکات کے خلاف فوری کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے متعلقہ نجی ٹی وی چینل اور پروگرام ٹیم کے خلاف بھی قانونی اقدام اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایڈووکیٹ نواز ڈاہری کے مطابق، اس واقعے کی ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس پر عوامی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کا مواد نشر کرنا پیمرا قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے اور اس پر فوری نوٹس لیا جانا چاہیے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ متنازع مارننگ شو کو فوری طور پر بند کر کے شفاف انکوائری کی جائے، جبکہ میڈیا چینلز کو پیمرا قوانین کا پابند بنانا ادارے کی اولین ذمہ داری ہے۔


