اہم ترین

فارن فنڈنگ کیس: عمران خان کے خلاف ایف آئی اے کا 57 صفحات کا چالان تیار

اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے 57 صفحات پر مشتمل چالان تیار کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چالان کل تک عدالت میں جمع کروائے جانے کا امکان ہے، جبکہ اس میں مجموعی طور پر 11 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ چالان میں بانی پی ٹی آئی کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے، جبکہ دیگر نامزد افراد میں طارق شفیع، حامد زمان سمیت دیگر شامل ہیں۔

ایف آئی اے نے کیس میں تین ملزمان کو اشتہاری بھی قرار دیا ہے، جن میں عارف نقوی اور طارق رحیم شیخ شامل ہیں۔ چالان کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک سے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں تقریباً 1800 ٹرانزیکشنز کے ذریعے رقوم منتقل کی گئیں، جو “نیا پاکستان” کے نام سے آئیں۔

ملزمان پر 2.1 ملین ڈالر کی غیر قانونی فنڈنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے، جبکہ ایک کمپنی “ووٹ آن کرکٹ لمیٹڈ” کے ذریعے بھی رقم منتقل کی گئی۔ جمع کروائے گئے ریکارڈ کے مطابق مذکورہ کمپنی عارف نقوی کی ملکیت بتائی گئی ہے اور اسے کیمن آئرلینڈ میں رجسٹرڈ ظاہر کیا گیا، تاہم چالان میں اسے غیر رجسٹرڈ اور جعلی قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسپیشل کورٹ پہلے ہی ایف آئی اے کو چالان جمع کروانے کی ہدایت دے چکی ہے، جس کے بعد کیس میں مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔

پاکستان