زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ مزربانی کو پی ایس ایل سے کئے گئے معاہدے کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زمبابوے کے فاسٹ بولر پر دو سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔
بلیسنگ مزربانی نے پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن کے لئے حکام سے معاہدہ کیا تھا تاہم اسی دوران وہ معاہدہ توڑ کر آئی پی ایل کھیلنے چلے گئے۔۔
پی سی بی کے مطابق مزربانی آئندہ دو ایڈیشنز میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی نے طے شدہ معاہدے کی شرائط کے باوجود ایک متصادم معاہدہ کیا، جو پیشہ ورانہ اصولوں کی واضح خلاف ورزی ہے۔
پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ لیگ کی ساکھ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں، اور کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے معاہدوں کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بورڈ نے مزید واضح کیا کہ پی ایس ایل میں شریک تمام کھلاڑیوں پر معاہدوں کی مکمل پاسداری لازم ہے، اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



