اہم ترین

بوبی دیول کا شراب چھوڑنے سے زندگی میں بڑی تبدیلی کا اعتراف

بالی ووڈ کے معروف اداکار بوبی دیول نے حالیہ انٹرویو میں اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے مکمل طور پر شراب سے دور ہیں اور اب انہیں اس کی کوئی کمی محسوس نہیں ہوتی۔

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندرا کے بیٹے بوبی دیول نے 1995 میں فلم برسات سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔اس کے بعد گپت اور سولجر جیسی کامیاب فلموں سے شہرت حاصل کی۔

کچھ عرصہ کیریئر سست روی کا شکار رہا، تاہم انہوں نے ویب سیریز آشرم اور فلم اینیمل کے ذریعے شاندار واپسی کی۔ لیکن کئی برسوں تک وہ اپنی ناکامیوں کو کامیابی میں بدلنے کی کوشش کرتے ہوئے شراب نوشی کرنے لگے۔

اداکار کے مطابق ایک وقت ایسا بھی تھا جب شراب ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی تھی۔ ابتدا میں انہیں لگا کہ یہ سہارا دے رہی ہے، لیکن وقت کے ساتھ اس کے منفی اثرات ان کی صحت، تعلقات اور کیریئر پر ظاہر ہونے لگے۔

بوبی دیول نے اعتراف کیا کہ ان کی اس عادت کی وجہ سے ان کے خاندان کے افراد اکثر خوفزدہ رہتے تھے۔ یہی احساس ان کے لیے ایک بڑا موڑ ثابت ہوا اور انہوں نے اپنی زندگی بدلنے کا فیصلہ کیا۔

اداکار نے بتایا کہ انہوں نے ڈیڑھ سال سے شراب کو ہاتھ نہیں لگایا۔ جس سے ان کی صحت، سوچ اور طرزِ زندگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ یہ تبدیلی ان کے لیے حیران کن حد تک آسان ثابت ہوئی۔

بوبی دیول کی یہ کہانی نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے حیران کن ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ مضبوط ارادہ انسان کی زندگی کو مثبت سمت میں بدل سکتا ہے۔

پاکستان