غزہ کیلئے بڑا امدادی مشن شروع: 40 کشتیوں پر مشتمل قافلہ فلسطین کی جانب گامزن

اسپین کے شہر بارسلونا سے غزہ کیلئے امدادی قافلہ روانہ ہو گیا ہے، جس کا مقصد اسرائیلی ناکہ بندی کو چیلنج کرتے ہوئے متاثرہ فلسطینیوں تک امداد پہنچانا ہے۔

منتظمین کے مطابق گلوبل صمود فلوٹیلا کے تحت تقریباً 40 کشتیوں پر مشتمل یہ قافلہ اتوار کو روانہ ہونا تھا تاہم خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہو گیا۔

یہ قافلہ مختلف ممالک کے کارکنوں اور حامیوں کو یکجا کرے گا، جبکہ مزید کشتیوں کے مارسیلزاور سائراکس سے شامل ہونے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

منتظمین کے مطابق قافلے میں شامل افراد جنوبی اٹلی میں ایک ہفتے کا قیام کریں گے جہاں “عدم تشدد” کی تربیت بھی دی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 2025 کے آخر میں بھی ایک ایسا ہی فلوٹیلا غزہ کی جانب روانہ ہوا تھا، جسے اسرائیلی بحریہ نے روک کر اس میں شامل کارکنوں کو گرفتار کر لیا تھا، جس پر عالمی سطح پر تنقید بھی کی گئی تھی۔

غزہ کی پٹی 2017 سے اسرائیلی ناکہ بندی کا شکار ہے، جبکہ اسرائیل اور حماس کے درمیان کشیدگی اور صیہونی بربریت کے اثرات اب بھی برقرار ہیں۔